امریکہ میں فائرنگ سے چھ اموات

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | 1 Years ago
امریکہ میں فائرنگ سے چھ اموات
امریکہ میں فائرنگ سے چھ اموات

 

 واشنگٹن :امریکی پولیس کے مطابق پیر کو ریاست ٹینیسی کے دارالحکومت نیش وِل میں کرسچیئن ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کرکے چھ افراد کو قتل کرنے والے حملہ آور نے اسی سکول سے تعلیم حاصل کی تھی۔ اسکول میں کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں جان سے ہاتھ دھونے والوں میں نو سال کے تین بچے، اسکول کی اعلیٰ منتظم، متبادل استاد اور ایک نگران شامل ہیں۔

پولیس نے حملہ آور کو بھی فائرنگ کرکے مار دیا تھا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد خوف زدہ والدین اسکول کی طرف دوڑ پڑے تاکہ معلوم کر سکیں کہ ان کے بچے خیریت سے ہیں۔ اس موقعے پر ایسے مناظر دیکھنے کو ملے جہاں روتے ہوئے والدین بچوں کو گلے لگا رہے تھے۔ میٹروپولیٹن نیش ول پولیس کے سربراہ جان ڈریک نے متعدد نیوز کانفرنسز میں سے ایک کے دوران بتایا: ’میں یہ منظر اور بچوں کو عمارت سے باہر لے جاتا دیکھ کر عملی طور پر رو پڑا۔

پولیس کے مطابق حملہ آور نے اسکول کا تفصیلی نقشہ تیار کرنے کے بعد عمارت کی نگرانی کرتے ہوئے قتل عام کی منصوبہ بندی کی۔ جان ڈریک کا کہنا تھا: ’ہمارے پاس (حملہ آور کا) منشور ہے، ہمارے پاس اس واقعے کی تاریخ، عملی واقعے سے متعلق چند تحریریں ہیں، جن کا ہم جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمارے پاس نقشہ ہے کہ یہ سب کیسے وقوع پذیر ہو گا۔‘

این بی سی ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں جان ڈریک کا کہنا تھا کہ تفتیش کاروں کا ماننا ہے کہ ہیل کو ’اس اسکول سے متعلق غصہ تھا۔‘ بعد ازاں پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ حملہ آور نے اسکول کی عمارت کے اندر داخل ہونے کے لیے شیشے کے دروازوں پر فائرنگ کر کے انہیں توڑا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کے پاس دو آتشیں ہتھیار، ایک پستول اور دو اے کے 47 رائفلیں تھیں۔

پولیس سربراہ کے مطابق ان ہتھیاروں میں سے کم از کم دو کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ وہ نیش ول کے علاقے میں قانونی طور پر حاصل کی گئی تھیں۔ پولیس نے بتایا کہ حملہ آور کے گھر کی تلاشی کے دوران آرے سے کاٹی گئی شاٹ گن اور دیگر شواہد ملے جن کی وضاحت نہیں کی گئی۔