فلسطینی بچی کی خاموش چیخ کو آواز دینے والی فلم کو سلور لائن ایوارڈ

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-09-2025
فلسطینی بچی کی خاموش چیخ کو آواز دینے والی فلم کو سلور لائن ایوارڈ
فلسطینی بچی کی خاموش چیخ کو آواز دینے والی فلم کو سلور لائن ایوارڈ

 



وینس : 82 ویں وینس فلم فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں فلسطینی بچی ہند رجب کی المناک کہانی پر مبنی فلم "صوت ہند رجب" کو سلور لائن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ یہ فلم، جس کی ہدایت کاری تونس سے تعلق رکھنے والی کوثر بن ہنیہ نے کی ہے، فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کی ایک دل دہلا دینے والی جھلک پیش کرتی ہے۔

فلم ہند رجب کی زندگی کے ان آخری لمحات پر مبنی ہے جب وہ 2024 کے آغاز میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ کا نشانہ بنی۔ جب فلم کو پہلی بار پیش کیا گیا تو شائقین نہ صرف آبدیدہ ہوئے بلکہ فلم کے اختتام پر بھرپور تالیاں بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ہدایت کارہ کوثر بن ہنیہ نے کہا: "سینما ہند کو دوبارہ زندگی تو نہیں دے سکتا، نہ ہی وہ مظالم مٹا سکتا ہے جو اس پر ڈھائے گئے، لیکن یہ اس کی آواز کو محفوظ ضرور رکھ سکتا ہے۔ یہ کہانی صرف ہند کی نہیں، بلکہ ایک پورے مظلوم عوام کی اجتماعی المناک داستان ہے جو اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور نسل کشی کا شکار ہیں۔"

یہ فلم صرف 24 منٹ طویل ہے، لیکن اس کے اثرات اور جذباتی گہرائی نے اسے وینس فیسٹیول کی تاریخ کا منفرد لمحہ بنا دیا۔ فیسٹیول کے سب سے بڑے اعزاز "گولڈن لائن" کا فاتح امریکی ہدایت کار جم جارموش قرار پائے، جنہوں نے اپنی فلم "Father Mother Sister Brother" کے ذریعے خاندانی اور سماجی کشمکش کو بیان کیا۔

فلم تین حصوں پر مشتمل ہے اور اس میں ایڈم ڈرائیور، ویکی کریپس اور کیٹ بلانشیٹ جیسے عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ یہ کامیابی کچھ حلقوں کے لیے غیر متوقع تھی، کیونکہ جارموش کو فلسطینی اور کوریائی ڈائریکٹرز کے مقابلے میں کمزور سمجھا جا رہا تھا۔

کوریائی فلم ساز پارک چان وک کی فلم "No Other Choice" بھی مضبوط امیدوار سمجھی جا رہی تھی، لیکن گولڈن لائن جارموش کے نام رہی۔ چینی اداکارہ شین چی لی کو فلم "The Sun Rises on Us All" میں متاثرکن اداکاری پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔

اطالوی اداکار ٹونی سیرفیلو نے فلم "La Grazia" میں ایک ضعیف اطالوی صدر کا کردار نبھا کر بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کیا۔ وینس فلم فیسٹیول کا معروف "آفاق" سیکشن اس بار بھی نئے موضوعات اور جرات مندانہ بیانیوں کا مرکز رہا: میکسیکن ہدایت کار ڈیوڈ بابلوس کی فلم "En el Camino"، جو ٹرک ڈرائیورز کی زندگی پر مبنی ہے، نے بہترین فلم کا ایوارڈ حاصل کیا۔

بھارتی ہدایت کارہ انوپرنا رائے کو اپنی پہلی فیچر فلم "Songs of Forgotten Trees" پر بہترین ہدایت کارہ کا اعزاز دیا گیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا: تمام بچے امن اور آزادی کے حق دار ہیں۔ فلسطین بھی اس اصول سے مستثنیٰ نہیں۔ میں فلسطین کے ساتھ کھڑی ہوں، چاہے میری آواز میرے ملک کو ناگوار گزرے۔

اداکارہ بینیدیتا بورکارولی نے فلم "The Kidnapping of Arabella" میں بہترین اداکاری پر ایوارڈ جیتا۔ اداکار جیاکومو کوفی نے فلم "A Year of School" میں شاندار کردار نگاری پر بہترین اداکار کا اعزاز حاصل کیا۔

جاپانی ہدایت کار اکیو فوجیموتو کی فلم "Lost Land"، جو روہنگیا مہاجر بچوں کی جدوجہد پر مبنی ہے، کو جیوری کی خصوصی انعام سے نوازا گیا۔ وینس فلم فیسٹیول 2025 کی اختتامی تقریب ایک ایسے وقت میں منعقد ہوئی جب دنیا بھر کے تخلیق کار انسانی حقوق، جنگ، مہاجرت اور اجتماعی تشدد جیسے نازک موضوعات کو فلمی زبان میں بیان کرنے کے لیے متحد نظر آئے۔

فلسطینی بچی کی خاموش چیخ کو آواز دینے والی فلم "صوت ہند رجب" اس ایوارڈ سیزن کا ضمیر بن کر ابھری، جو یاد دلاتی ہے کہ سینما صرف تفریح نہیں بلکہ مزاحمت، گواہی اور تاریخ کا آئینہ بھی ہے۔