جوہانسبرگ: سکھ برادری کی جانب سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے اور پورے افریقی براعظم میں قیامِ امن کے لیے منعقدہ ایک تقریب میں 300 سے زائد مذہبی و سماجی رہنما جمع ہوئے۔ یہ عظیم الشان پروگرام اتوار کی شام سینڈٹن میں منعقد ہوا جس کا موضوع تھا: "عقائد کو جوڑنا: افریقہ میں بین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے امن کو فروغ دینا"۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کا یہ پہلا پروگرام براعظم میں امن و تعاون پر مبنی روحانیت کو فروغ دینے کی ایک بنیاد ثابت ہوگا۔ یہ پروگرام گوردوارہ صاحب جوہانسبرگ، سکھ کونسل آف افریقہ، ہیونلی کلچر ورلڈ پیس ریسٹوریشن آف لائٹ (HWPL) اور گرو نانک نِشکام سیوک جتھہ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں عیسائی، مسلمان، ہندو، سکھ اور افریقی روایتی مذاہب کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
جنوبی افریقہ کی کوآپریٹو گورننس و روایتی امور کی نائب وزیر ڈاکٹر نامانے ڈکسن ماسیمولا نے کہا کہ 1996 میں منظور شدہ جنوبی افریقہ کا آئین تمام مذاہب اور عقائد کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا:مذہبی رہنما قیامِ امن میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ وہ ثالث، رہنما اور ایک بااعتماد آواز کی حیثیت رکھتے ہیں، جو معاشرے کو امن کی جانب راغب کرتے ہیں۔
انہیں بین المذاہب مکالمے اور تعاون کے ذریعے سماجی یکجہتی کو بھی فروغ دینا چاہیے۔ جوہانسبرگ کے واحد گوردوارہ کے بانی ہربندر سنگھ سیٹھی نے کہا کہ اگرچہ تمام مذاہب کی رسومات مختلف ہیں، لیکن ان کا جوہر ایک ہی ہے۔
انہوں نے کہا: ہم سب خدا کی اولاد ہیں، جنہیں ایک دوسرے کی خدمت، بہتری اور تحفظ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ آج جب ہم عالمی چیلنجز، تنازعات، عدم مساوات اور ماحولیاتی بحرانوں کا سامنا کر رہے ہیں، تو ہمیں باہمی اختلافات سے بلند ہو کر سب کے فائدے کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔