ممبئی/ آواز دی وائس
برطانیہ میں ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے سالانہ میلوں میں سے ایک، ’’لندن ہندوستانی فلم فیسٹیول‘‘ کے آئندہ (2026) ایڈیشن میں معروف فلم ساز شیام بینگل کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
یہ فیسٹیول آئندہ سال جون تا جولائی منعقد ہوگا۔
ایل آئی ایف ایف کے ڈائریکٹر کیری ساہنی نے بتایا کہ ہم شیام بینگل جیسے فلم سازوں کو یاد کریں گے جن کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے، اور یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان کی یاد اور وراثت زندہ رہے۔ ہمارا مقصد شیام بینگل کی کسی ایک فلم کی نمائش کرنا ہے، کیونکہ ان کی فلموں کو دکھانا اور ان کے کام پر گفتگو کرنا بے حد ضروری ہے۔
فیسٹیول کے دوران 1950 کی دہائی کی کئی کلاسیکی فلمیں بھی نمائش کے لیے پیش کی جائیں گی۔
شیام بینگل نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں ‘انکور’، ‘منڈی’ اور ‘منتھن’ جیسی کامیاب فلموں کے ذریعے ہندی سنیما میں اپنی منفرد شناخت قائم کی۔
ان کا انتقال 2024 میں 90 برس کی عمر میں ہوا تھا۔
اس فلم فیسٹیول کا مقصد پنجابی، گجراتی، اسامی اور جنوبی ہندوستانی زبانوں سمیت مختلف زبانوں کی فلموں کی نمائش کے ذریعے ہندوستانی سنیما کی بھرپور ثقافتی وراثت کو اجاگر کرنا ہے۔