شیخ حسینہ کے حامیوں کا محمد یونس کے خلاف احتجاج

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-09-2025
شیخ حسینہ کے حامیوں کا محمد یونس کے خلاف احتجاج
شیخ حسینہ کے حامیوں کا محمد یونس کے خلاف احتجاج

 



نیویارک / آواز دی وائس
بنگلہ دیش کے عبوری چیف ایڈوائزر محمد یونس کو جمعہ کے روز نیویارک میں 80ویں اقوامِ متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے چوتھے دن کے خطاب کے دوران احتجاج کا سامنا کرنا پڑا۔ مظاہرین اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کے باہر جمع ہوئے اور "یونس پاکستانی ہیں، پاکستان واپس جاؤ" جیسے نعرے لگائے۔ اس دوران مظاہرین نے یونس پر بدانتظامی اور جانبداری کے الزامات بھی عائد کیے۔
گزشتہ سال  جین  زی کی قیادت میں ہونے والی بغاوت کے بعد شیخ حسینہ اقتدار سے باہر ہو گئی تھیں۔ حسینہ 15 برس تک بنگلہ دیش کی وزیرِاعظم رہیں۔ حسینہ کے بنگلہ دیش کی حکومت سے باہر ہونے کے بعد یونس عبوری چیف ایڈوائزر بنے۔ یونس نے اقتدار کی تبدیلی کے بعد اقوامِ متحدہ میں اپنا دوسرا خطاب کیا ہے۔ سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے حامیوں نے عبوری حکومت کے خلاف غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس احتجاج کا اہتمام کیا۔
یونس کے ناقدین کا الزام ہے کہ ان کی حکومت نے اقلیتوں، خاص طور پر ہندوؤں پر ہونے والے حملوں کی اجازت دی ہے، اور کچھ لوگ اس تشدد کو جماعتِ اسلامی گروپوں سے جوڑتے ہیں۔ یونس نے حسینہ کی میزبانی کے لیے ہندوستان کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے، جس سے دو طرفہ تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوئی ہے۔ ہندوستان نے اس سے پہلے بھی بنگلہ دیش میں اقلیتوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش ظاہر کی تھی۔
اپنے ملک میں جاری ہنگامہ خیزی پر غور کرتے ہوئے یونس نے اقوامِ متحدہ کے نمائندوں سے کہا کہ گزشتہ سال اس معزز اجلاس میں میں نے آپ سے ایک ایسے ملک سے بات کی تھی جس نے حال ہی میں ایک عوامی بغاوت کا سامنا کیا تھا۔ میں نے آپ کے ساتھ تبدیلی کی ہماری خواہشات کو شیئر کیا تھا۔ آج میں یہاں اس لیے کھڑا ہوں کہ آپ کو بتا سکوں کہ ہم اس سفر میں کتنی دور تک آ گئے ہیں۔