واشنگٹن :پا کستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جمعرات کو وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں اہم ملاقات ہوئی۔اس ملاقات میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے، جبکہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ وہپائٹ ہاوس نے اس ملاقات کا سرکاری فوٹو جاری نہیں کیا ہے ۔ملاقات سے قبل وائٹ ہاؤس میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور پاکستانی مسلح افواج کے سربراہ کے بارے میں تعریفی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عظیم رہنما شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر وائٹ ہاؤس آ رہے ہیں، یہ دونوں غیر معمولی شخصیات ہیں۔”
شہباز شریف اس وقت اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں نیویارک میں موجود ہیں، جہاں وہ جمعہ کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کی امریکی صدر سے ایک ملاقات گزشتہ روز عرب اسلامی سربراہی کانفرنس کے موقع پر بھی ہوئی تھی۔پاکستانی وزیرِ اعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شریک ہیں۔ یہ ملاقات شہباز شریف اور ٹرمپ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات تھی۔اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی جانب سے منتخب عرب و اسلامی ممالک کے سربراہان کا اجلاس منگل کو منعقد ہوا تھا، جس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی شرکت کی اور اس موقع پر ان کی صدر ٹرمپ سے غیر رسمی گفتگو بھی ہوئی۔
تاہم اس ملاقات پر ایک ابہام قائم ہے کیونکہ وائٹ ہاؤس نے تاحال اس ملاقات کی کوئی سرکاری تصویر یا ویڈیو جاری نہیں کی۔ عام طور پر وائٹ ہاؤس کے ضابطے کے مطابق غیر ملکی رہنماؤں کے ساتھ صدر کی ملاقات کی تصاویر یا لائیو کوریج جاری کی جاتی ہے۔اسی روز امریکی صدر نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی تھی، جس کے بعد ایک مشترکہ لائیو بریفنگ ہوئی۔ تاہم شہباز شریف، عاصم منیر اور ٹرمپ کی ملاقات کے بارے میں صرف پاکستانی سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اطلاع دی گئی۔وزیرِ اعظم ہاؤس پاکستان کے مطابق اس ملاقات میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔ مزید کہا گیا کہ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔وزارتِ عظمیٰ پاکستان نے یہ بھی بتایا کہ ملاقات میڈیا کے بغیر ہوئی اور تقریباً 30 منٹ تاخیر سے شروع ہوئی کیونکہ صدر ٹرمپ اس دوران ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کر رہے تھے۔
البتہ وائٹ ہاؤس پریس پول کی تصاویر میں دکھایا گیا کہ عاصم منیر اور شہباز شریف صدر ٹرمپ کے سرکاری امور مکمل کرنے کے دوران وائٹ ہاؤس میں انتظار کر رہے تھے۔یہ دورہ دونوں رہنماؤں کے درمیان پہلی باضابطہ دو طرفہ ملاقات تھی، جو اس سے چھ سال بعد ہوئی جب سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے جولائی 2019 میں صدر ٹرمپ سے ان کی پہلی صدارتی مدت کے دوران ملاقات کی تھی۔شہباز شریف اس وقت نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے سلسلے میں موجود ہیں۔اس سے قبل جمعرات کو نیویارک میں جی-20 وزرائے خارجہ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے بالواسطہ طور پر پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور اقوامِ متحدہ سمیت کثیر الجہتی اداروں میں فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا:“ترقی کی راہ میں سب سے بڑا مستقل خطرہ امن کا دشمن — دہشت گردی ہے۔ یہ لازمی ہے کہ دنیا دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے نہ برداشت دکھائے نہ ہی کوئی گنجائش دے۔ چونکہ دہشت گردوں کے درمیان گہرا نیٹ ورک ہے، اس لیے جو ان کے خلاف کسی بھی محاذ پر کارروائی کرتے ہیں، وہ دراصل پوری عالمی برادری کی خدمت انجام دیتے ہیں۔”
اسی دوران، جنوبی ایشیا کے تجزیہ کار مائیکل کوگل مین نے کہا کہ امریکہ۔پاکستان تعلقات کی از سرِ نو مضبوطی، امریکہ۔بھارت تعلقات میں ایک نمایاں “کشیدگی کا نقطہ” بن کر ابھری ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب واشنگٹن اور نئی دہلی کے درمیان جیوپالیٹیکل اختلافات بڑھ رہے ہیں۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کوگلمن نے کہا:“جیسا کہ ہم جانتے ہیں، بھارت نے کافی عرصہ پہلے یہ حقیقت قبول کر لی تھی کہ امریکہ اور پاکستان کے تعلقات دوستانہ ہوں گے، جن میں عسکری تعلقات بھی شامل ہیں۔ لیکن حالیہ عرصے میں امریکہ۔پاکستان تعلقات کی تیز رفتار بحالی نے امریکہ۔بھارت تعلقات میں پہلے سے موجود تناؤ کو اور بڑھا دیا ہے، کیونکہ اس وقت امریکہ اور بھارت کے تعلقات میں کئی اور مسائل بھی درپیش ہیں اور ساتھ ہی امریکہ۔پاکستان تعلقات بہت جلدی اور بہت بڑے پیمانے پر مضبوط ہوئے ہیں۔”