جنسی استحصال:پرنس اینڈریو’ایک کروڑ پاؤنڈ‘ دینے پر راضی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 16-02-2022
 جنسی استحصال:پرنس اینڈریو’ایک کروڑ پاؤنڈ‘ دینے پر راضی
جنسی استحصال:پرنس اینڈریو’ایک کروڑ پاؤنڈ‘ دینے پر راضی

 


لندن : برطانوی شہزادہ اینڈریو ورجینیا جوفرے کے ساتھ جنسی سکینڈل کے تصفیے کے لیے ایک کروڑ پاؤنڈ ادا کرنے پر راضی ہو گئے ہیں۔ امریکی سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کی شکار ورجینیا جوفرے نے برطانوی شہزادے پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے امریکہ میں ان کا اس وقت ریپ کیا جب وہ بالغ نہیں تھیں۔

ملکہ الزبتھ کے صاحبزادے اس رسوائی کے بعد ایک کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ کی رقم ادا کرنے کے لیے تیار ہیں جس میں جوفرے کو ہرجانے اور ’متاثرین کے حقوق کی حمایت میں‘ ایک خیراتی ادارے کے لیے عطیہ بھی شامل ہے تاکہ مقدمے کا سول ٹرائل آگے بڑھنے سے روکا جا سکے۔

تصفیے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک مشترکہ بیان میں شہزادے نے کہا کہ انہیں آنجہانی ایپسٹین کے ساتھ اپنے تعلق پر افسوس ہے جنہوں نے اعتراف کیا تھا کہ وہ ’کئی سالوں سے لاتعداد نوجوان لڑکیوں کو سمگل کر رہے تھے۔‘

ڈیوک آف یارک، جو مبینہ طور پر ملکہ کے دباؤ میں اس مقدمے کو عدالت میں لے جانے کے لیے تیار نہیں ہیں نے کہا کہ انہوں نے یہ بھی قبول کیا کہ جوفرے کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا اور وہ غیر منصفانہ عوامی حملوں کا شکار بھی بنیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ ان کی اور ریپ کا نشانہ بننے والی دیگر خواتین کی ’بہادری کے معترف ہیں۔‘ بیان میں کہا گیا: ’ورجینیا جوفرے اور شہزادہ اینڈریو عدالت سے باہر تصفیے پر راضی ہو گئے ہیں۔ فریقین جوفرے کی جانب سے تصفیے کی رقم کی وصولی پر ایک مقدمے کی مشروط برخاستگی کی درخواست دائر کریں گے (تاہم بیان میں رقم ظاہر نہیں کی گئی)۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ شہزادہ اینڈریو جنسی زیادتی کے متاثرین کے حقوق کی حمایت میں جوفرے کے خیراتی ادارے کو خاطر خواہ عطیہ دینے کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔  بیان کے مطابق: ’شہزادہ اینڈریو نے کبھی بھی جوفرے کے کردار کو بدنام کرنے کا ارادہ نہیں کیا تھا اور وہ تسلیم کرتے ہیں کہ وہ بدسلوکی کی ایک ثابت شدہ شکار ہیں اور غیر منصفانہ عوامی حملوں کا بھی نشانہ بنیں۔‘

بیان کے مطابق یہ بات جانی جاتی ہے کہ جیفری ایپسٹین نے کئی سالوں میں لاتعداد نوجوان لڑکیوں کو سمگل کیا۔

شہزادہ اینڈریو کو ایپسٹین کے ساتھ اپنے تعلق پر افسوس ہے اور اپنے اور دیگر افراد کے حق کے لیے کھڑے ہونے پر جوفرے اور دیگر متاثرہ خواتین کی بہادری کو سراہتے ہیں۔

 قانونی ماہرین نے اینڈریو کی تصفیے کی لاگت کا تخمینہ ایک کروڑ پاؤنڈ سے زیادہ لگایا ہے۔

بین الاقوامی قانونی فرم ’انک‘ میں تنازعات کے حل کے شعبے کے سربراہ نک گولڈ سٹون نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ اس رقم میں دونوں جانب کے اخراجات، عطیے اور ’اضافی نقصان کا ازالہ شامل ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ تصفیے کے ذریعے ڈیوک اس سے بھی زیادہ رقم ادا کرنے کے خطرے سے بچ گئے کیوں کہ اگر وہ مقدمہ ہار جاتے تو ’اس طرح کے معاملے میں نیویارک کی جیوری کی جانب سے یہ جرمانہ لامحدود ہو سکتا تھا۔‘

جوفرے کی قانونی ٹیم نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ خاص طور پر مالی تصفیے تک پہنچنے میں دلچسپی نہیں رکھتی تھیں اور یہ کہ وہ اس کیس میں خود کو ’ثابت‘ کرنا چاہتی ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ شہزادہ اینڈریو اس رقم کو کیسے ادا کریں گے، جیسا کہ کچھ رپورٹس میں اس رقم کو ایک کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ بتایا گیا ہے۔

لیکن ڈیلی ٹیلی گراف نے کہا کہ ملکہ الزبتھ اینڈریو کے قانونی بل کی ادائیگی میں اپنی نجی ڈچ آف لنکاسٹر سٹیٹ سے رقم کا استعمال کرتے ہوئے مدد کریں گی، جس کی مالیت ایک اندازے کے مطابق دو کروڑ 30 لاکھ پاؤنڈ ہے۔

بکنگھم پیلس نے تصفیے یا ادائیگی کے لیے فنڈ فراہم کرنے والے کا نام پوچھے جانے پر کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ 

یہ ادائیگی منگل کو ہو گی۔

شاہی محل کے ایک ترجمان نے دی انڈپینڈنٹ کو بتایا کہ ’ہم نے ڈیوک کے قانونی معاملات کی فنڈنگ پر کبھی کوئی تبصرہ نہیں کیا اور اب بھی ایسا ہی کریں گے۔‘

تصفیے کے بارے میں تبصرے کے لیے رابطہ کرنے پر جوفرے کی وکیل ڈیوڈ بوائز نے کہا: ’مجھے یقین ہے کہ یہ معاملہ خود ہی ظاہر ہو جائے گا۔‘

وکیل سگرڈ میک کیولے نے ایک بیان میں کہا کہ وہ اس تصفیے سے ’بہت خوش‘ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’ایک فرم میں ایک منیجنگ پارٹنر کے طور پر، جس نے اپنے آغاز سے ہی اس یقین پر عمل کیا ہے کہ سب سے زیادہ کمزور لوگوں کو انصاف دلانے کے لیے قانون کو عملی جامہ پہنایا جانا چاہیے، میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے کہہ سکتی ہوں کہ متاثرین کی ہماری نمائندگی نے اس روایت کو برقرار رکھا ہے۔ میں ورجینیا جوفرے کی شہزادہ اینڈریو کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے حل سے بہت خوش ہوں۔‘

جوفرے نے طویل عرصے سے ڈیوک پر تین الگ الگ مواقع پر نابالغی میں ان پر جنسی زیادتی کا الزام لگایا تھا۔ جس میں ایک بار میکس ویل کے لندن میں واقع گھر میں، ایک بار ایپسٹین کے نجی جزیرے لٹل سینٹ جیمز کے دورے پر اور ایک بار ایپسٹین کے نیویارک کی مین ہٹن مینشن میں۔ 

انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہزادے کے سابق دوست ایپسٹین اور جنسی زیادتی میں سزا یافتہ میکس ویل نے سیکس کے لیے انہیں شہزادے کے پاس سمگل کیا تھا۔ جوفرے نے دعویٰ کیا کہ وہ 17 سال کی تھیں جب شہزادے نے ان کے ساتھ جنسی تعلق قائم کیا تھا اور وہ اس وقت ان کی عمر سے واقف تھے۔ شہزادہ اینڈریو نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ ان پر عدالت میں کسی جرم کا الزام بھی نہیں لگایا گیا ہے۔

شہزادے نے دعویٰ کیا کہ انہیں کبھی بھی جوفرے سے ملنے کا کوئی واقعہ یاد نہیں تھا اس کے باوجود کہ ایک اب تک کی بدنام زمانہ ایک تصویر میں شہزادے کو میکسویل کے لندن ٹاؤن ہاؤس میں میکسویل اور نوعمر جوفرے کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔ شہزادے نے جوفرے کی کمر پر ہاتھ رکھا ہوا ہے۔ جوفرے نے کہا کہ یہ تصویر مارچ 2001 میں لی گئی تھی، ان تین راتوں میں پہلی رات جب انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہزادے نے ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ میکسویل کے گھر واپس آنے سے پہلے اینڈریو، میکس ویل اور ایپسٹین کے ساتھ وسطی لندن کے ٹرامپ نائٹ کلب میں ٹھریں تھیں۔

یہ تصفیہ اس وقت ہوا ہے جب جوفرے نے کہا کہ ان کے پاس اب اصل تصویر نہیں ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ شہزادے کی قانونی ٹیم اس تک رسائی حاصل نہیں کر سکتی جو ان کے مطابق جعلی ہو سکتی ہے۔ شاہی خاندان کے وکیلوں نے تصویر کے اصل ہونے پر شک ہونے کی بِنا پر اصل تصویر کا مطالبہ کیا تھا۔ جوفرے نے اگست میں شہزادہ اینڈریو کے خلاف طاقت کے استعمال اور جذباتی تکلیف کے لیے دیوانی مقدمہ دائر کیا تھا۔