جنسی استحصال کیس: شہزادہ اینڈریو نے اعزازی فوجی عہدے گنوا دئیے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 14-01-2022
جنسی استحصال کیس: شہزادہ اینڈریو نے اعزازی فوجی عہدے گنوا دئیے
جنسی استحصال کیس: شہزادہ اینڈریو نے اعزازی فوجی عہدے گنوا دئیے

 

 

لندن : مقدمہ امریکہ میں دائر ہوا اور شاہی خاندان کے ایک رکن نے اپنے فوجی عہدے کے اعزازات برطانیہ میں گنوا دئیے ہیں ۔امریکہ میں ایک جج کی جانب سے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے بیٹے شہزادہ اینڈریو کے خلاف جنسی استحصال کے کیس کی سماعت کی اجازت دینے کے بعد ملکہ نے شہزادے سے ان کے اعزازی فوجی عہدے اور شاہی سرپرستی واپس لے لی ہے۔

بکنگھم محل نے اعلان کیا ہے کہ ڈیوک آف یارک پرنس اینڈریو اب اس کیس میں اپنا دفاع ایک ’نجی شہری‘ کے طور پر کریں گے۔ یہ بھی مانا جا رہا ہے کہ انہیں اب ہز رائل ہائنس (ایچ آر ایچ) کے خطاب سے مخاطب نہیں کیا جائے گا۔شاہی خاندان کے لیے ایک اور برے دن میں شاہی درباریوں نے بادشاہت کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کی کوشش میں ڈیوک آف یارک کو ان کی سرکاری شاہی ذمہ داریوں سے ہٹا دیا ہے اور انہیں خاندان سے بھی دور کیا ہے۔

محل سے جاری ایک بیان میں کہا گیا: ’ملکہ کی اجازت اور رضامندی سے ڈیوک آف یارک کے فوجی عہدے اور شاہی سرپرستی ملکہ کو واپس کر دی گئی ہے۔ ڈیوک آف یارک کسی عوامی فرائض کی انجامی میں حصہ نہیں لیں گے اور اس کیس کا نجی شہری کے طور پر دفاع کریں گے۔ڈیوک، جو برطانوی فوج کے سب سے پرانے دستے گرینڈیئر گارڈز کے کرنل ہیں، کے سب موجودہ عہدے شاہی خاندان کے دیگر اراکین کو دے دیے جائیں گے، جن کا اعلان ابھی ہونا باقی ہیں۔

معلوم ہوتا ہے کہ ڈیوک آف یارک اینڈریو کے بارے میں یہ فیصلہ ونڈسر خاندان میں بحث و مباحثے کے بعد لیا گیا، جس سے تاثر ملتا ہے کہ خاندان کے سینیئر ارکان اس میں شامل تھے۔ان کے پاس دیگر فوجی اعزازات میں رائل ایئر فورس لوسی ماؤتھ کے اعزازی ایئر کوموڈور، رائل آئرش رجمنٹ کے کرنل اِن چیف، سمال آرمز سکول کور کے کرنل اِن چیف، فلیٹ ایئر آرم کے کوموڈور اِن چیف، رائل ہائی لینڈ فیوزیلیئرز کے رائل کرنل، ملکہ برطانیہ کی رائل لانسز کے نائب کرنل اِن چیف اور سکاٹ لینڈ کی رائل رجمنٹ کے رائل کرنل شامل تھے۔

ورجنیا جوفرے نامی خاتون نے امریکہ میں شہزادہ اینڈریو پر کیس دائر کر رکھا ہے، جس میں ان کا الزام ہے کہ اینڈریو نے ان پر جنسی حملہ کیا جب وہ نوعمر یونی ٹین ایجر تھیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وہ 17 سال کی تھیں اور امریکی قانون کے مطابق نا بالغ تھیں جب انہیں سزایافتہ مجرم جیفری ایپسٹین نے اینڈریو کے ساتھ جنسی عمل کے لیے سمگل کیا۔ اینڈریو ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔