تیانجن/ آواز دی وائس
شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے پیر کے روز اس موقف سے اتفاق کیا جو ہندوستان نے اختیار کیا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ’’دوہرے معیار‘‘ ناقابلِ قبول ہیں۔
اس بااثر گروپ نے چین کی بندرگاہی شہر تیانجن میں منعقد اپنی دو روزہ سالانہ سربراہی کانفرنس کے اختتام پر جاری ایک اعلامیے میں دہشت گردی سے لڑنے کے اپنے پختہ عزم کو درج کیا۔ اس سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی، چین کے صدر شی جن پنگ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور دنیا کے کئی دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ایس سی او کے ممبر ممالک نے غزہ میں اسرائیل کے فوجی حملوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکت اور غزہ پٹی میں سنگین انسانی صورتحال پیدا ہونے پر ان حملوں کی مذمت کی۔ اعلامیے میں علاقائی سلامتی کو بڑھانے کے اقدامات کا ذکر کیا گیا اور دہشت گردی سے نمٹنے کو ایک بڑی چیلنج قرار دیا گیا۔
اس میں کہا گیا کہ ممبر ممالک 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ ایس سی او کے ممبر ممالک نے پاکستان کے بلوچستان صوبے میں خضدار اور جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی بھی مذمت کی۔
اعلامیے کے مطابق ، انہوں نے (ممبر ممالک نے) متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حملوں کے مجرموں، منصوبہ سازوں اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ایس سی او دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ کے لیے اپنی پختہ وابستگی کی تصدیق کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتا ہے کہ ’’مفاد پرستی کے مقاصد‘‘ کے لیے دہشت گرد، علیحدگی پسند اور انتہا پسند گروپوں کا استعمال ناقابلِ قبول ہے۔
ایس سی او نے کہا کہ وہ دہشت گرد اور انتہا پسند خطرات کا مقابلہ کرنے میں خودمختار ممالک اور ان کے مجاز حکام کے قائدانہ کردار کو تسلیم کرتا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ممبر ممالک دہشت گردی کی تمام صورتوں اور مظاہر کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرے معیار ناقابلِ قبول ہیں اور وہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ دہشت گردوں کی سرحد پار سرگرمیوں سمیت دہشت گردی کا مؤثر طور پر مقابلہ کرے۔
ایس سی او نے کہا کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ کا مرکزی کردار ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کے اصولوں کے مطابق متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کی عالمی انسدادِ دہشت گردی حکمتِ عملی کو مکمل طور پر نافذ کرے تاکہ تمام دہشت گرد گروپوں کا اجتماعی طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔