یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر سعودی بمباری

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-01-2022
یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر سعودی بمباری
یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر سعودی بمباری

 

 

جدہ:سعودی عرب کے زیر قیادت اتحادی افواج نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں ایک عمارت پر فضائی بمباری کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سعودی اتحاد کی جانب سے یہ کارروائی پیر کو حوثیوں کے ابوظہبی میں حملے کے بعد کیا گیا ہے۔

ابوظہبی میں حملے کی ذمہ داری حوثیوں نے قبول کی تھی جس میں پاکستانی اور دو بھارتی مارے گئے تھے۔

سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے پیر کو سعودی عرب کی جانب آنے والے آٹھ ڈرونز بھی مار گرائے ہیں۔

سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ منگل کی صبح انہوں نے صنعا میں حوثیوں کے گڑھ اور کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل متحدہ عرب امارات نے ابوظہبی میں حوثی ملیشیا کی جانب سے پیر کو کیے گئے دھماکوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سزا سے نہیں بچ پائیں گے اور متحدہ عرب امارات ان حملوں کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔

اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا: ’متحدہ عرب امارات اپنی سرزمین پر شہری تنصیبات پر حوثی ملیشیا کے اس دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے۔۔۔(یہ) سزا سے نہیں بچ پائیں گے۔‘ بیان میں مزید کہا گیا: ’متحدہ عرب امارات ان دہشت گردانہ حملوں کا جواب دینے کا حق رکھتا ہے۔‘

گذشتہ روز متحدہ عرب امارات کے تجارتی اور سیاحتی مرکز ابوظہبی میں محمد بن زید سٹی کے قریب مصفاہ کے علاقے میں ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی کے اسٹوریج ٹینک کے قریب تین پٹرولیم ٹینکرز میں دھماکے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں دو ہندوستانی اور ایک پاکستانی ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے تھے۔

ابوظہبی ایئرپورٹ کی تعمیری سائٹ پر بھی آگ بھڑک اٹھی تھی۔ ان دھماکوں کی ذمہ داری یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے قبول کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائی میزائل اور ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے کی گئی تھی۔

عالمی مذمت پاکستان، سعودی عرب، بحرین، قطر، امریکہ اور اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) سمیت دیگر نے یو اے ای میں حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حملوں کی مذمت کی۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اسے متحدہ عرب امارات کے حکام کے ذریعے ہلاکتوں اور زخمیوں کا معلوم ہوا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق ابوظہبی پولیس نے پاکستانی سفارت خانے کو اس واقعے میں ایک پاکستانی کی موت کے بارے میں مطلع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات جاننے کے لیے سفارت خانہ مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔