یمن میں حوثیوں پر سعودی اتحادی فورسزکے حملے

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 26-03-2022
یمن میں حوثیوں پر سعودی اتحادی فورسزکے حملے
یمن میں حوثیوں پر سعودی اتحادی فورسزکے حملے

 

 

ریاض: سعودی اتحادی فورسز نے یمن میں حوثیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا۔ سعودی اتحادی فورسز کی جانب سے یمن کے شہر صنعا اور حدیدہ میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے جاری ہیں۔

سعودی اتحادی فورسز کے مطابق ان حملوں کا مقصد عالمی توانائی کے ذرائع کی حفاظت اور سپلائی کو یقینی بنانا ہے۔ سعودی اتحاد کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا۔

اس حوالے سے سعودی عرب کا کہنا ہے کہ یہ میزائل حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، اس کے باعث ہونے والی تیل سپلائی میں کمی پر ہم ذمے دار نہیں ہوں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یمن کے حوثیوں نے گزشتہ روز سعودی عرب پر متعدد حملے کیے تھے۔

حوثیوں نےجدہ میں آرامکو کی تیل تنصیب کو نشانہ بنایا تھا، تاہم ان حملوں میں لوگ محفوظ رہے تھے۔ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے گزشتہ روز (جمعے کو) حوثیوں کے ڈرونز اور بیلسٹک میزائل حملے کو ناکام بناتے ہوئے 1 بیلسٹک میزائل اور 10 ڈرونز تباہ کر دیے۔

سعودی اتحادی فورسز برائے یمن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مملکت کے جنوبی علاقے کو نشانہ بنانے کی حوثیوں کی ایک بڑی کوشش ناکام بنائی ہیں۔

حوثیوں نے 9 بارود بردار ڈرونز سے حملوں کی کوشش کی جنہیں تباہ کر دیا گیا ہے۔ سعودی اتحادی فورسز نے کہا ہے کہ حوثیوں نے پہلا جمعے کی صبح حملہ کیا، جس میں 6 بارود بردار ڈونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیا گیا،

جمعے کی دوپہر حوثیوں نے 2 بارود بردار ڈرون بھیجے، انہیں بھی ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی تباہ کر دیا گیا۔ سعودی دفاعی نظام نے جازان شہر پر بیلسٹک میزائل اور نجران شہر پر بارود بردار ڈرون کو بھی ہدف پر پہنچنے سے پہلے تباہ کیا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان نے بتایا ہے کہ مملکت کے جنوبی، وسطی اور مشرقی علاقوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، ان حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا ہے کہ حوثی ملیشیا جارحانہ حملے کر کے صورتِ حال کو گمبھیر بنانے کی کوشش کر رہی ہے اور توانائی کی رسد میں خلل پیدا کرکے عالمی معیشت کو متاثر کرنے کے درپے ہے۔ عرب اتحاد نے تیل کی تنصیبات اور سول اداروں پر جارحانہ حملوں کی کوششوں کی مذمت کی ہے۔ (ایجنسی)