سعودی عرب :غیر سعودیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت کا نیا قانون

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2025
سعودی عرب :غیر سعودیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت کا نیا  قانون
سعودی عرب :غیر سعودیوں کے لیے جائیداد کی ملکیت کا نیا قانون

 



جدہ :سعودی عرب کی کابینہ نے، جس کی صدارت ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کے روز کی، غیر سعودیوں کی جائیداد کی ملکیت سے متعلق ایک نیا ضابطہ منظور کر لیا ہے۔یہ ہفتہ وار اجلاس جدہ میں منعقد ہوا، جہاں ولی عہد نے انڈونیشیا کے صدر پربوو سبیانتو کے ساتھ حالیہ ملاقات اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز کی جانب سے موصول ہونے والی ٹیلیفون کال کی تفصیلات کابینہ کو پیش کیں۔

سعودی-انڈونیشی اعلیٰ رابطہ کونسل کا پہلا اجلاس

کابینہ نے سعودی-انڈونیشی اعلیٰ رابطہ کونسل کے پہلے اجلاس کے نتائج کو سراہا، جس میں دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے درمیان تعاون کے معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ یہ معاہدے قابلِ تجدید توانائی، پیٹروکیمیکل، ایوی ایشن فیول سروسز اور دیگر شعبوں میں طے پائے، جو دونوں ممالک کی مشترکہ اقتصادی شراکت داری کی وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔

عالمی معیشت میں سعودی کردار

قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر عصام بن سعید نے سعودی پریس ایجنسی(SPA) کو بتایا کہ کابینہ نے عالمی معیشت میں سعودی عرب کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور ملٹی لیٹرل تعاون و مارکیٹ کے استحکام کے لیے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا۔ اس میں OPEC+ اتحاد کے ساتھ جاری تعاون بھی شامل ہے تاکہ پٹرولیم مارکیٹ کے توازن کو برقرار رکھا جا سکے۔

اقوام متحدہ کی کانفرنس اور ڈیجیٹل تحفظ میں قائدانہ کردار

کابینہ نے اقوام متحدہ کے صنعتی ترقیاتی ادارے(UNIDO) کی 21ویں جنرل کانفرنس کی میزبانی پر خوشی کا اظہار کیا، جو رواں سال نومبر میں ریاض میں منعقد ہوگی۔ اس کانفرنس کا مقصد پائیدار صنعتکاری، اختراع اور ٹیکنالوجیکل تبدیلی کے چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہے۔

مزید برآں، کابینہ نے بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق سعودی عرب کی قیادت میں تیار کردہ قرارداد کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کیے جانے کو سراہا۔ یہ اقدام ولی عہد کے زیر قیادت عالمی مہم "Child Online Safety" کا تسلسل ہے، جو ایک محفوظ اور جامع ڈیجیٹل ماحول کی تشکیل کی عکاسی کرتا ہے۔

سائبر سیکیورٹی اور ڈیجیٹل معیشت میں سعودی عرب کی عالمی برتری

کابینہ نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ سعودی عرب نے 2025 کے ورلڈ کمپیٹیٹونیس ایئر بک میں سائبر سیکیورٹی کے شعبے میں عالمی سطح پر اول مقام حاصل کیا ہے۔ اسی طرح، انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین(ITU) کےICT ڈیولپمنٹ انڈیکس 2025 میں بھی سعودی عرب پہلے نمبر پر رہا، جو ملک کے اسمارٹ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، سرمایہ کاری ماحول اور 495 ارب ریال کی ڈیجیٹل معیشت کی مضبوطی کو ظاہر کرتا ہے۔

منشیات کے خلاف آپریشنز اور عوامی تحفظ

کابینہ نے منشیات کے خلاف جاری اقدامات کو سراہا، جن میں منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف بڑی کارروائیاں شامل ہیں، اور عوامی صحت و سلامتی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

دیگر اہم فیصلے

اجلاس میں کئی دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں شامل ہیں:

نیشنل ٹرانسپورٹ و لاجسٹکس حکمتِ عملی کی تازہ کاری کی منظوری

جنرل اتھارٹی برائے آبپاشی کے تنظیمی ڈھانچے کی منظوری

ورلڈ ڈراؤننگ پریوینشن ڈے کو ہر سال 25 جولائی کو منانے کی منظوری

سوشل ڈیولپمنٹ بینک کو غریب ترین طبقات کے لیے ضمانتی مالی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت، تاکہ انہیں مالیاتی اداروں سے قرض تک رسائی حاصل ہو سکے۔

یہ فیصلے مملکت کی ترقی، سلامتی، بین الاقوامی اثر و رسوخ، اور فلاحی ریاست کے قیام کی جانب اہم قدم تصور کیے جا رہے ہیں۔