سعودی عرب ہر سطح پر عراق کی حمایت کرتا ہے: شہزادہ فیصل بن فرحان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-08-2021
اہم دورہ۔اہم اعلان
اہم دورہ۔اہم اعلان

 

 

بغداد:سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کی قیادت نے ہر سطح اور مختلف فورمز میں عراق کی حمایت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

 سنیچر کو بغداد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ’ سعودی عرب ،عراق کی سلامتی اور استحکام کے فروغ، اداروں اور ثمرات کے تحفظ کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا۔

انہوں  نے مزید کہا کہ’ سعودی عرب خطے میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے عراق اور اتحادی ممالک سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

داعش کی باقیات کا مقا بلہ کرنے کے لیے عالمی اتحاد کے ساتھ تعاون پرعراق کی کوششوں کی حما یت کرتے ہیں۔

 سعودی وزیر خارجہ نے مسلح ملیشیاوں کے ہاتھ لگنے والے ہتھیاروں پر کنٹرول کے لیے عراقی حکومت کے اقدامات کو بھی سراہا ہے۔

 شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’خطے میں انتہا پسندی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب اور عراق یکساں موقف رکھتے ہیں اور سعوی عرب اس سلسلے میں عرا ق کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب بین الاقوامی اور علاقائی تنازعات کو بات چیت کے ذریعے طے کرنے کا حامی ہے۔ وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے سعودی عراقی رابطہ کونسل کی کامیابیوں اور مشترکہ سرمایہ کاری فنڈ کو سراہا جس کا تخمینہ تین ارب ڈالر ہے۔