گرفتار معروف ایرانی مذہبی شخصیت کو سعودی عرب نے رہا کر دیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2025
گرفتار معروف ایرانی مذہبی شخصیت کو سعودی عرب نے رہا کر دیا
گرفتار معروف ایرانی مذہبی شخصیت کو سعودی عرب نے رہا کر دیا

 



ریاض : سعودی حکام نے ایک معروف ایرانی مذہبی رہنما غلام رضا قاسمیان کو رہا کر دیا ہے جنہیں سالانہ حج سے قبل گرفتار کیا گیا تھا۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی ایسنا کے مطابق، غلام رضا قاسمیان کو ایرانی حکام کی پیروی کے بعد رہا کر دیا گیا ہے اور وہ وطن واپسی کے راستے پر ہیں۔ غلام رضا قاسمیان کی گرفتاری پیر کے روز اس وقت عمل میں آئی جب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ سعودی حکومت پر تنقید کرتے نظر آئے۔

ویڈیو میں، وہ احرام پہنے ہوئے یہ الزام لگاتے نظر آئے کہ سعودی حکمرانوں نے قبلہ کو جوئے کے اڈوں، فحاشی کے مراکز اور بے ہودہ کنسرٹس کی جگہ میں بدل دیا ہے۔ ان کے اس بیان کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی حالیہ سماجی اصلاحات کی تنقید سمجھا گیا۔ اگرچہ ریاض نے گرفتاری کی تصدیق نہیں کی، لیکن تہران نے اس معاملے پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ اس واقعے کے خطے میں 2023 میں بیجنگ کی ثالثی سے ہونے والے ایران-سعودی عرب تعلقات کی بحالی پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے منگل کی شب ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا کہ ہم کسی کو بھی مسلمانوں کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے، خاص طور پر حج جیسے روحانی ماحول میں۔ انہوں نے مزید کہا ہم اپنے برادر پڑوسیوں، بالخصوص سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات کی راہ میں کسی کو رکاوٹ بننے نہیں دیں گے۔

ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے گرفتاری کو غیرقانونی اور بلاجواز قرار دیا، اور وضاحت کی کہ قاسمیان کے خیالات ان کے ذاتی نظریات تھے، حکومت کی پالیسی نہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات کی تدریجی بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے، اور دونوں ممالک مسلم دنیا میں اتحاد پر زور دے رہے ہیں۔