سعودی عرب: بیس لاکھ عازمین حج کی میزبانی کی تیاریاں شروع

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-05-2023
سعودی عرب: بیس لاکھ عازمین حج کی میزبانی کی تیاریاں شروع
سعودی عرب: بیس لاکھ عازمین حج کی میزبانی کی تیاریاں شروع

 

سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے دوران تقریباً بیس لاکھ عازمین کی میزبانی کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں، جو دنیا بھر کے تمام اداروں کے ساتھ مل کرعازمین کو خدمات فراہم کرے گی۔

وزارت کے مطابق جون کے آخری ہفتے میں ہونے والے حج کے وسیع انتظامات کے ایک حصے کے طور پرعمرہ خدمات، جو اس وقت جاری ہیں، مئی کے وسط تک روک دی جائیں گی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے حج اور عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ رواں سال ملک بیس لاکھ عازمین کی میزبانی کرے گا، جس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہم طریقہ کار کو آسان بنانے پر کام آگے بڑھا رہے ہیں جو دنیا بھر کے مسلمانوں کو مقدس مقامات کی زیارت کرنے اور حج کرنے کے قابل بنائے۔

انہوں نے کہا کہ دو مقدس مساجد اور مقدس مقامات پر معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے اور 200 بلین ریال مالیت کے اضافی انفراسٹرکچر کی بہتری پر کام جاری ہے۔

ان کاموں میں حرمین ایکسپریس ٹرین شامل ہے جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کو دو گھنٹے کے سفر میں ملاتی ہے۔ مزید برآں مملکت نے اس سال حج میں شرکت کرنے والے عازمین کی تعداد پر پابندیاں ختم کر دی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ عازمین اس سہولت کا استعمال کر سکیں۔

وزارت نے اعلان کیا ہے کہ اس سال حج میں شرکت کرنے والے افراد کی تعداد وبائی امراض سے پہلے کی سطح پر واپس آجائے گی اور عازمین حج کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہوگی۔

ملٹی پل انٹری ویزا:

ملٹی پل انٹری ویزا متعارف کرایا گیا ہے اوراس قسم کے ویزا کا انتخاب کرنے والے عمرہ کی رسومات ادا کر سکتے ہیں، اس سے لاکھوں مومنین کو مقدس مقامات اور تاریخی مقامات کی زیارت کرنے میں مدد ملی ہے۔

عمرہ ویزہ کے ساتھ مملکت میں آنے والے افراد اب سعودی عرب کے کسی بھی شہر کا دورہ کر سکتے ہیں اور ملک میں آنے والے کسی بھی زائرین کو جنوری2023 سے کسی بھی وقت عمرہ کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

نسک پلیٹ فارم: یہ سعودی آنے والے لوگوں کے تجربے کو تقویت دینے کے لیے ایک اضافی سروس ہے اور یہ عمرہ کے ویزے کی مدت کو30 سے90 دن تک بڑھانے کے بعد موجودہ ویزا سسٹم کو مزید اہمیت دیتی ہے، جس سے ہر قسم کے ویزوں کے لیے عمرہ کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال ہندوستان سے تقریباً پونے دو لاکھ افراد حج بیت اللہ کے لیے جائیں گے اور رواں ماۃ کے آخر میں ہندوستان سے عازمین حج کے لیے پروازیں شروع ہوجائیں گی۔