سعودی عرب: ایران کی کارروائیاں باعث تشویش ہیں: شاہ سلمان

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 30-12-2021
 سعودی عرب: ایران کی کارروائیاں باعث تشویش ہیں: شاہ سلمان
سعودی عرب: ایران کی کارروائیاں باعث تشویش ہیں: شاہ سلمان

 

 

ریاض : سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران ’عدم استحکام اور جارحیت‘ کی پالیسی ترک کرے گا اور مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام لانے میں تعاون کرے گا۔ عرب نیوز کے مطابق سعودی فرمانروا نے بدھ کو مجلس شوریٰ سے سالانہ خطاب میں کہا کہ ’ایران مملکت کا ہمسایہ ملک ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ منفی پالیسی اور خطے میں اپنا برتاؤ تبدیل کرتے ہوئے بات چیت اور تعاون کا راستہ اختیار کرے گا۔

‘ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر شاہ سلمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے مجلس شوریٰ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وسیع موضوعات پر بات کرتے ہوئے شاہ سلمان نے یمن تنازع کے خاتمے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے پہل کرنے اور لبنان کےعوام کی حمایت کا عہد کیا جنہیں معاشی بحران اور حزب اللہ سے سکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔

سعودی عرب اور اس کے دیگر عرب اور مغربی اتحادی ممالک نے ایران پر عسکری گروہوں بشمول لبنانی حزب اللہ، یمنی حوثی اور عراق کے حشد ملیشیا کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔ ایران کا جوہری پروگرام بھی تشویش کا باعث ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے جوہری پروگرام بند نہ ہونے کی صورت میں پیشگی کارروائی کی دھمکی دی ہے۔

شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ’ہم انتہائی تشویش کے ساتھ ایرانی حکومت کی پالیسی پر نظر رکھے ہوئے ہیں جو خطے کے استحکام اور سالمیت کو نقصان پہنچا رہی ہیں، بشمول فرقہ پرست اور مسلح گروہوں کی حمایت، خطے کے ممالک میں منظم عسکری کارروائیوں کے علاوہ جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائل پروگرام کی تیاری میں عالمی برادری کے ساتھ عدم تعاون۔‘