سعودی عرب،یواے ای:عید الاضحی9 جولائی کو متوقع

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 24-06-2022
سعودی عرب:عید الاضحی9 جولائی کو متوقع
سعودی عرب:عید الاضحی9 جولائی کو متوقع

 

 

 

مکہ: ماہرموسمیات عبدالعزیز الحصینی نے توقع ظاہر کی ہے کہ مملکت میں حج کا رکن اعظم ’وقوف عرفہ‘ 8 جولائی جمعہ کے روز جبکہ عید الاضحی سنیچر9 جولائی کو متوقع ہے۔

عاجل نیوز نے ماہرموسمیات الحصینی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ فلکیاتی اعتبار سے ذوالحجہ کا چاند 29 جون کو دکھائی دینے کی امید ہے اس حساب سے ذوالحجہ کی پہلی تاریخ بروز جمعرات 30 جون کو ہو سکتی ہے۔

الحصینی نے مزید کہا کہ تاہم حتمی تاریخ کے تعین کا اعلان سپریم کورٹ کو موصول ہونے والی رویت ہلال کی شہادتوں کے بعد ہی کیا جائے گا۔

واضح رہے سعودی عرب میں رویت ہلال کے لیے شہادتوں کا اصول متعین ہے علاوہ ازیں مقررہ فلکیاتی کمیٹی کی جانب سے بھی چاند دیکھنے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں فلکیاتی انجمن نے کہا ہے کہ’ ذی الحجہ کی پہلی تاریخ 30 جون اور عید الاضحی سنیچر 9 جولائی کو ہونے کا امکان ہے‘۔

اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق فلکیاتی انجمن نے بیان میں کہا کہ’ ذی الحجہ کا چاند بدھ 29 جون کی صبح کو امارات کے مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجکر 52 منٹ پر جنم لے گا اور سورج کے غروب کے وقت افق سے 5 درجے اوپر ہوگا‘۔

سورج غروب ہونے کے 31 منٹ بعد چاند غروب ہوجائے گا۔ 29 جون کو چاند کی روایت ممکن ہوگی۔ ذی الحجہ کی پہلی تاریخ 30 جون کو ہونے کا امکان ہے ۔سنیچر 9 جولائی کوعید الاضحی ہوگی۔ (ایجنسی)