ریاض (ایس پی اے/العربیہ)
سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے ایک بار پھر عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ جعلی حج مہمات، غیر لائسنس یافتہ دفاتر اور گمراہ کن اشتہارات سے ہوشیار رہیں، جو حجاج کرام کو دھوکہ دے کر غیرقانونی طریقے سے حج کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔وزارت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ"عازمین حج کی سلامتی اور امن کے لیے لازمی ہے کہ وہ حج کے قواعد و ضوابط پر مکمل عمل کریں تاکہ مناسک حج پرامن اور منظم طریقے سے ادا کیے جا سکیں۔"
وزارت داخلہ نے تمام سعودی شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ:مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور دیگر علاقوں میں اگر کسی بھی مشکوک سرگرمی، جعلی حج مہم یا بغیر اجازت کام کرنے والے دفاتر کی موجودگی کا علم ہو تو فوراً حکام کو اطلاع دیں۔
دریں اثنا، مکہ مکرمہ پولیس نے سوشل میڈیا پر جعلی حج پیکجز اور گمراہ کن اشتہارات کی تشہیر کرنے کے الزام میں تین انڈونیشی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔العربیہ کے مطابق یہ افراد ایسی جعلی حج مہمات چلا رہے تھے جن میں مشاعر مقدسہ میں قیام اور ٹرانسپورٹ سمیت مکمل سہولیات کی جھوٹی پیشکش شامل تھی۔ابتدائی قانونی کارروائی کے بعد ان غیر ملکیوں کو پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ نے یاد دہانی کروائی ہے کہ صرف وزارت حج و عمرہ کے منظور شدہ ادارے اور ایجنٹس کے ذریعے حج کی بکنگ کروانا قانونی اور محفوظ طریقہ ہے۔بغیر اجازت حج کے لیے کوشش کرنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ سخت سزا کا باعث بن سکتا ہے۔