سیول [جنوبی کوریا]: سیم سنگ الکٹرونکس سے توقع کی جا رہی ہے کہ وہ ایک مجوزہ ہڑتال سے بچنے کے لیے طے پانے والے عارضی مزدور معاہدے کے تحت سیمی کنڈکٹر ملازمین کے لیے خصوصی بونس فراہم کرنے کی خاطر اپنے ٹریژری شیئرز کی بائی بیک (واپسی خرید) میں اضافہ کرے گی۔
’دی کوریا ہیرالڈ‘ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی نے کاروباری کارکردگی سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 10.5 فیصد سیمی کنڈکٹر پرفارمنس بونس کے طور پر دینے پر اتفاق کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بونس آئندہ 10 برس تک بغیر کسی بالائی حد کے ٹریژری شیئرز کی شکل میں دیا جائے گا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سال کے اختتام پر کیے گئے انکشافات اور اس کے بعد ہونے والی بائی بیک اور فروخت کی بنیاد پر، سام سنگ الیکٹرانکس کے پاس اس وقت تقریباً 8 کروڑ 20 لاکھ عام ٹریژری شیئرز موجود ہیں۔ تاہم، یہ شیئرز مجوزہ بونس ادائیگی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ناکافی ہو سکتے ہیں، جس کے باعث مزید شیئر بائی بیک کی توقعات بڑھ گئی ہیں۔
مارکیٹ اندازوں کے مطابق اگر سام سنگ الیکٹرانکس اس سال 300 ٹریلین وون (تقریباً 200 ارب امریکی ڈالر) کا مجموعی آپریٹنگ منافع حاصل کرتی ہے، تو کمپنی کو اپنے ’ڈیوائس سولیوشنز‘ ڈویژن، جس میں میموری چِپ کا شعبہ بھی شامل ہے، کے ملازمین کو بونس کے طور پر تقریباً 31.5 ٹریلین وون (تقریباً 21.5 ارب امریکی ڈالر) مالیت کے ٹریژری شیئرز دینے پڑ سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ بدھ کے اختتامی شیئر ریٹ کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس کے موجودہ ٹریژری شیئرز کی مالیت تقریباً 22.65 ٹریلین وون (تقریباً 15.5 ارب امریکی ڈالر) ہے، جو متوقع بونس ضرورت سے کم ہے۔ سام سنگ الیکٹرانکس گزشتہ چند برسوں سے حصص یافتگان کو بہتر منافع فراہم کرنے کے لیے اپنے ٹریژری شیئرز کو ریٹائر کرتی آ رہی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران کمپنی تقریباً 8 کروڑ 70 لاکھ ٹریژری شیئرز ریٹائر کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے، جن میں 31 مارچ کو اعلان کردہ 7 کروڑ 30 لاکھ عام شیئرز اور 1 کروڑ 36 لاکھ ترجیحی شیئرز شامل ہیں۔ ان شیئرز کی ریٹائرمنٹ کے بعد ٹریژری شیئرز کی تعداد میں مزید کمی متوقع ہے، جس کے باعث انتظامی کنٹرول اور اضافی بائی بیک کی ضرورت سے متعلق خدشات بڑھ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سام سنگ الیکٹرانکس کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو کمپنی مزید شیئر بائی بیک کے اقدامات کرے گی۔ ادھر، KOSPI مارکیٹ میں دوپہر 12:20 بجے سام سنگ الیکٹرانکس کے شیئرز 295,000 وون (تقریباً 204 امریکی ڈالر) پر ٹریڈ کر رہے تھے، جو گزشتہ سیشن کے مقابلے میں 6.97 فیصد زیادہ ہیں۔