کیوپرٹینو / نئی دہلی
آئی فون بنانے والی عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ ہندوستانی نژاد صبیح خان کو کمپنی کا نیا چیف آپریٹنگ آفیسر (COO) مقرر کیا گیا ہے۔ صبیح خان موجودہ COO جیف ولیمز کی جگہ رواں ماہ کے آخر میں یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔
ایپل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ تقرری قیادت کی ایک طویل منصوبہ بند منتقلی کا حصہ ہے۔ جیف ولیمز، جو ریٹائرمنٹ سے قبل تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے، ایپل کے سی ای او ٹم کک کو رپورٹ کرتے رہیں گے اور ایپل واچ، ہیلتھ پروگرامز اور ڈیزائن ٹیم کی نگرانی کرتے رہیں گے۔ ولیمز کی سبکدوشی کے بعد ڈیزائن ٹیم براہ راست سی ای او کو رپورٹ کرے گی۔
صبیح خان ایپل کے سینئر نائب صدر برائے آپریشنز کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور ایپل کی سپلائی چین اور مینوفیکچرنگ آپریشنز کی قیادت کر رہے تھے۔ٹم کک نے صبیح خان کی ترقی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایپل کی سپلائی چین کی نگرانی کرتے ہوئے جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز میں جدت پیدا کی، امریکہ میں ہماری مینوفیکچرنگ موجودگی کو وسعت دی، اور عالمی چیلنجز کے دوران کمپنی کی لچک کو یقینی بنایا۔
صبیح خان 1966 میں ہندوستان کے ضلع مرادآباد، اترپردیش میں پیدا ہوئے۔ وہ پانچویں جماعت تک وہیں تعلیم حاصل کرتے رہے، اس کے بعد ان کا خاندان سنگاپور منتقل ہو گیا جہاں انہوں نے مزید تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں وہ امریکہ چلے گئے جہاں انہوں نے تفس یونیورسٹی سے اکنامکس اور مکینیکل انجینئرنگ میں بیچلر کی ڈگریاں حاصل کیں، اور رینسیلر پولی ٹیکنک انسٹیٹیوٹ سے مکینیکل انجینئرنگ میں ماسٹرز کی ڈگری مکمل کی۔
ایپل میں شمولیت سے قبل صبیح خان نے GE پلاسٹکس میں ایپلیکیشن ڈیولپمنٹ انجینئر اور ٹیکنیکل لیڈر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 1995 میں ایپل کے پروکیورمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور اس کے بعد سے کمپنی میں مسلسل ترقی کرتے چلے گئے۔
صبیح خان کی اس بڑی تقرری کو ہندوستانی نژاد ماہرین کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی موجودگی کی ایک اور بڑی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ان کی قیادت میں ایپل کو سپلائی چین، مینوفیکچرنگ، اور عالمی ٹیکنالوجی چیلنجز میں نئی جہتیں حاصل ہونے کی امید ہے۔