روسی ڈرون یوکرین کے ایٹمی پلانٹس کے لیے خطرہ بن رہے ہیں: زیلنسکی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 03-10-2025
روسی ڈرون یوکرین کے ایٹمی پلانٹس کے لیے خطرہ بن رہے ہیں: زیلنسکی
روسی ڈرون یوکرین کے ایٹمی پلانٹس کے لیے خطرہ بن رہے ہیں: زیلنسکی

 



کیف: یوکرین کے بجلی گھروں پر روس کی لگاتار بمباری کے باعث ملک کے ایٹمی تنصیبات کی حفاظت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ حکام نے جمعرات کو بتایا کہ ایک ڈرون حملے کے بعد شمالی یوکرین میں 1986 کی چرنوبل ایٹمی آفت کی جگہ پر تین گھنٹے سے زیادہ وقت تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔

کچھ دن پہلے جنوب مشرقی یوکرین میں روس کے قبضے والے زاپوریزیا ایٹمی توانائی مرکز پر حملوں کے بعد بھی بجلی کی سپلائی بند ہو گئی تھی، جس کے لیے دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ چرنوبل اور زاپوریزیا دونوں فی الحال بند ہیں، لیکن ممکنہ ایٹمی حادثے سے بچنے کے لیے وہاں کولنگ سسٹمز کو چلانا ضروری ہے، جس کے لیے مسلسل بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔

بجلی کی فراہمی بند ہونے سے چرنوبل میں سلامتی بڑھانے کے لیے نصب اور اقوامِ متحدہ کی بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے زیرِ نگرانی چلنے والے ریڈی ایشن مانیٹرنگ نظام بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے بدھ کی رات دیر گئے کہا: ’’روس جان بوجھ کر تابکاری کا خطرہ پیدا کر رہا ہے۔‘‘

انہوں نے اقوامِ متحدہ کی ایٹمی نگران ایجنسی اور اس کے سربراہ رافائل ماریانو گروسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس خطرے کے حوالے سے کمزور ردعمل ظاہر کیا ہے۔ زیلنسکی نے کہا: ’’روس کی جنگ کا ہر دن، ہمارے توانائی مراکز پر ہر حملہ، ایک عالمی خطرہ ہے۔ کمزور اور ادھورے اقدامات کارگر نہیں ہوں گے۔ سخت کارروائی ضروری ہے۔‘‘

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین کے اس دعوے کو مسترد کر دیا کہ روس زاپوریزیا پلانٹ کے اردگرد بجلی کی لائنوں پر گولہ باری کر رہا ہے۔ اس کے برعکس انہوں نے ماسکو کے زیرِ کنٹرول پلانٹ پر حملے کا الزام یوکرین پر عائد کیا اور خبردار کیا کہ روس بھی اسی طرح کی کارروائی کر سکتا ہے۔