کیف پر روسی حملے، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی ، آذربائیجانی سفارتخانے کو بھی نقصان

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 16-11-2025
کیف پر روسی حملے، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی ، آذربائیجانی سفارتخانے کو بھی نقصان
کیف پر روسی حملے، 8 افراد ہلاک، متعدد زخمی ، آذربائیجانی سفارتخانے کو بھی نقصان

 



کیف: یوکرین کے دارالحکومت کیف میں روس کی جانب سے کئے گئے تازہ فضائی حملوں میں کم از کم آٹھ افراد جان سے گئے جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق حملوں میں رہائشی عمارتیں اور بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا، جب کہ آذربائیجان کے سفارتخانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

یوکرینی صدر کے مطابق روس نے رات بھر جاری رہنے والی کارروائی میں تقریباً 430 ڈرونز اور 18 میزائل استعمال کرتے ہوئے شہر کو ہدف بنایا۔ ان کے بقول، یہ حملے شہری آبادی میں خوف و ہراس پھیلانے اور توانائی کے ڈھانچے کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔

روس اور یوکرین کے درمیان جنگ فروری 2022 میں روس کے حملے کے بعد شروع ہوئی، جس کے بعد سے کیف سمیت یوکرین کے متعدد شہروں کو بارہا ڈرون اور میزائل حملوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یوکرین کا کہنا ہے کہ روس سرد موسم کے آغاز کے ساتھ توانائی کے نظام، رہائشی علاقوں اور حکومتی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا کر ملک کی شہری زندگی کو مفلوج کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

دوسری جانب روس یہ مؤقف اختیار کرتا ہے کہ وہ صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بناتا ہے، تاہم یوکرین اور بین الاقوامی ادارے بارہا شہری ہلاکتوں اور غیر فوجی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی نشاندہی کرتے رہے ہیں۔