ہندوستانی طلباء کو نکالنے کے لیے 130 بسیں تیار:روس

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 04-03-2022
 ہندوستانی طلباء کو نکالنے کے لیے 130 بسیں تیار:روس
ہندوستانی طلباء کو نکالنے کے لیے 130 بسیں تیار:روس

 

 

ماسکو:روس نے یوکرین کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں کھارکیو اور سومی میں پھنسے ہندوستانی طلباء کو بچانے کے لیے ایک بڑی پہل کی ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روسی نیشنل ڈیفنس کنٹرول سینٹر کے سربراہ کرنل جنرل میخائل میزنتسیو نے اعلان کیا ہے کہ 130 روسی بسیں ہندوستانی طلباء اور دیگر غیر ملکیوں کو یوکرین کے خارکیف اور سومی سے روس کے بیلگوروڈ علاقے تک لے جائیں گی۔

 یوکرین پرروس کے حملے کے بعد تقریباً 20 ہزار ہندوستانی طلباء یوکرین کے مختلف شہروں میں پھنس گئے تھے۔ ان طلباء کو واپس لانے کے لیے حکومت ہند کی طرف سے ایک خصوصی پہل کی گئی۔

ان طلباء کو یوکرین کی سرحد سے متصل ممالک تک پہنچنے پر انہیں خصوصی طیارے کے ذریعے ہندوستان لایا جا رہا ہے۔

حکومت ہند نے اسے آپریشن گنگا کا نام دیا ہے۔ اس کے لیے فضائیہ کے C-17 طیاروں کی مدد بھی لی جا رہی ہے۔ یوکرین کے زپورزیحا(Zaporizhia) نیوکلیئر پلانٹ کے قریب روس کا میزائل حملہ ہوا ہے۔

اس حملے کے بعد پلانٹ میں زبردست آگ بھڑک اٹھی۔ دوسری جانب یوکرین پر روس کا جارحانہ حملہ جاری ہے۔ ادھر کیو میں ایک ہندوستانی طالب علم گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ہے۔

مرکزی وزیر جنرل وی کے سنگھ کا کہنا ہے کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کم سے کم نقصان کے ساتھ زیادہ سے زیادہ ہندوستانی شہریوں کو واپس لایا جائے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روسی فوج نے یوکرین کے زپورزیحا نیوکلیئر پلانٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ جوہری پلانٹ ملک کی تقریباً 25 سے 30 فیصد جوہری توانائی فراہم کرتا ہے۔