یوروپ کو گیس کی سپلائی بند کر سکتا ہے روس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-03-2026
یوروپ کو گیس کی سپلائی بند کر سکتا ہے روس
یوروپ کو گیس کی سپلائی بند کر سکتا ہے روس

 



ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے عندیہ دیا ہے کہ اگر یورپی یونین روسی توانائی کے شعبے پر مزید پابندیاں عائد کرتی ہے تو روس یورپ کو گیس کی فراہمی روکنے پر غور کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے تناظر میں توانائی کی منڈیوں میں بڑے فیصلے سامنے آ سکتے ہیں۔

اپنے بیان میں صدر پوتن نے کہا کہ یورپی یونین روسی گیس اور مائع قدرتی گیس (ایل این جی) پر پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر روسی گیس اور تیل پر مزید پابندیاں لگائی گئیں تو روس کے لیے متبادل منڈیوں کی طرف رخ کرنا زیادہ فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ ایسے حالات میں ماسکو یورپی منڈی کے بجائے ایشیا اور دیگر خطوں میں توانائی کی برآمدات بڑھانے پر توجہ دے سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں یورپ نے روسی توانائی پر اپنا انحصار کم کرنے کی پالیسی اختیار کی ہے، جس کے بعد روس بھی اپنی توانائی کی برآمدات کا رخ چین اور دیگر ایشیائی ممالک سمیت نئی منڈیوں کی طرف موڑنے کی کوشش کر رہا ہے۔

پس منظر کے طور پر روس اور یورپی یونین کے درمیان توانائی کے شعبے میں کشیدگی یوکرین جنگ کے بعد سے مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال کے باعث یورپ نے متبادل توانائی ذرائع تلاش کرنے کی کوششیں تیز کی ہیں، جبکہ روس بھی اپنی گیس اور تیل کی برآمدات کے لیے نئی عالمی منڈیوں کی تلاش میں ہے۔