کیف (اے پی) یوکرینی فضائیہ نے پیر کو بتایا کہ روس نے جنگ کے دوران رات بھر کے سب سے بڑے ڈرون حملے میں یوکرین پر 479 ڈرونز داغے۔فضائیہ کے مطابق ڈرونز کے علاوہ مختلف اقسام کے 20 میزائل بھی یوکرین کے مختلف حصوں پر داغے گئے، اور اس حملے کا زیادہ تر ہدف یوکرین کے وسطی اور مغربی علاقے تھے۔فضائیہ کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یوکرینی فضائی دفاع نے پرواز کے دوران 277 ڈرونز اور 19 میزائل تباہ کر دیے، اور صرف 10 ڈرون یا میزائل اپنے ہدف تک پہنچ سکے۔
اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ہو سکی۔روس کے فضائی حملے عام طور پر رات دیر سے شروع ہوتے ہیں اور صبح تک جاری رہتے ہیں کیونکہ اندھیرے میں ڈرونز کو تلاش کرنا مشکل ہوتا ہے۔روس نے تین سال سے زیادہ عرصے پر محیط اس جنگ کے دوران شیہد ڈرونز کے ذریعے یوکرین کے شہری علاقوں پر مسلسل حملے کیے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں 12,000 سے زائد یوکرینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
روس کا کہنا ہے کہ اس کے حملوں کا ہدف صرف فوجی تنصیبات ہوتی ہیں۔