روس کا یوکرین کے اسپتال پر حملہ

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 14-10-2025
روس کا یوکرین کے اسپتال پر حملہ
روس کا یوکرین کے اسپتال پر حملہ

 



کیف/ آواز دی وائس
روسی فوج نے یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف پر رات بھر طاقتور گلائیڈ بموں اور ڈرونز سے حملہ کیا، جس میں ایک اسپتال کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے میں سات افراد زخمی ہوگئے۔ ایک سرکاری اہلکار نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ یہ حملہ ایسے وقت ہوا ہے جب یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلینسکی واشنگٹن جانے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے مزید امریکی فوجی امداد حاصل کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
علاقائی سربراہ اولیگ سینیہوبوف نے بتایا کہ یوکرین کے شمال مشرقی حصے میں خارکیف پر کیے گئے اس حملے میں شہر کا مرکزی اسپتال متاثر ہوا، جس کی وجہ سے 50 مریضوں کو باہر نکالنا پڑا۔ دوسری جانب زیلینسکی نے کہا کہ حملے کا اصل ہدف توانائی کے مراکز تھے، تاہم انہوں نے حملوں کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
زیلینسکی نے ٹیلیگرام پر کہا کہ ہر دن، ہر رات، روس بجلی گھروں، بجلی کی تاروں اور ہماری قدرتی گیس کی سہولیات پر حملہ کرتا ہے۔ یوکرینی صدر نے مختلف ممالک سے اپیل کی کہ وہ روس کے طویل فاصلے کے حملوں کو روکنے میں مدد کریں اور اس مقصد کے لیے یوکرین کو زیادہ فضائی دفاعی نظام فراہم کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکہ، یورپ، جی-7 اور ان تمام شراکت داروں کے اقدامات پر بھروسہ کرتے ہیں جن کے پاس یہ نظام موجود ہیں اور جو انہیں ہمارے عوام کی سلامتی کے لیے فراہم کر سکتے ہیں۔
یوکرین کے صدر جمعہ کو واشنگٹن میں ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔
توقع ہے کہ اس ملاقات میں امریکہ کی جانب سے یوکرین کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید ہتھیاروں کی فراہمی پر بات چیت ہوگی، جن کی مدد سے یوکرین روس پر جوابی کارروائی کر سکتا ہے۔  ٹرمپ نے ماسکو کو خبردار کیا ہے کہ وہ یوکرین کو ٹام ہاک کروز میزائلیں بھیج سکتا ہے۔