واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو منگل کے روز امریکی کانگریس میں ٹرمپ انتظامیہ کی عالمی سطح پر کمزور یا تعطل کا شکار سفارتی کوششوں کے حوالے سے سخت سوالات کا سامنا کریں گے۔ ایران جنگ شروع ہونے کے بعد وہ پہلی مرتبہ کیپیٹل ہل (امریکی پارلیمنٹ کمپلیکس) میں مسلسل سماعتوں میں شرکت کریں گے۔
سابق ریپبلکن سینیٹر مارکو روبیو محکمہ خارجہ کے سالانہ بجٹ کی تجویز پیش کرنے کے لیے ایوانِ نمائندگان (ہاؤس) اور سینیٹ کی متعلقہ کمیٹیوں کے سامنے حاضر ہوں گے۔ تاہم توقع ہے کہ توجہ جلد ہی واشنگٹن اور تہران کے درمیان پہلے سے موجود نازک جنگ بندی پر مرکوز ہو جائے گی، جسے حالیہ دنوں میں دونوں فریقوں کے باہمی حملوں نے مزید کمزور کر دیا ہے۔
روبیو اور کابینہ کے دیگر ارکان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے کا دفاع کیا ہے جس کے تحت امریکہ اس تنازع میں شامل ہوا، حالانکہ ٹرمپ برسوں سے مغربی ایشیا میں "طویل جنگوں" سے دور رہنے کا وعدہ کرتے رہے تھے۔ ٹرمپ کے جنگ سے متعلق بدلتے ہوئے اہداف نے انتظامیہ کے لیے اپنے مؤقف کا دفاع مزید مشکل بنا دیا ہے۔
اگرچہ ایران جنگ کے آغاز کے بعد روبیو پہلی بار عوامی طور پر کانگریس کے سامنے گواہی دے رہے ہیں، تاہم اس سے قبل وہ امریکی اور اسرائیلی حملوں کے چند روز بعد ارکانِ کانگریس کو ایک خفیہ بریفنگ دے چکے ہیں۔ کانگریس کی پیشگی منظوری نہ لینے پر انہیں ڈیموکریٹ اراکین کی سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بیشتر ریپبلکن اراکین امریکہ کے دیرینہ مخالف ایران کے خلاف کارروائی کے معاملے میں ان کی حمایت کرتے نظر آئے۔
جنگ کے آغاز کے بعد گزرنے والے دو ماہ کے دوران ریپبلکن ارکان کا ایک چھوٹا مگر بڑھتا ہوا گروپ ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر اس تنازع کی بڑھتی ہوئی مالی لاگت اور اس کے مجموعی معاشی اثرات پر سوالات اٹھانے لگا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب موسمِ خزاں میں وسط مدتی انتخابات ہونے والے ہیں۔