پاکستان -معروف علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کا انتقال

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 10-11-2025
پاکستان -معروف علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کا انتقال
پاکستان -معروف علمی و ادبی شخصیت ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کا انتقال

 



لاہور، : پاکستان کی ممتاز ماہرِ تعلیم، دانشور، سابق چیئرپرسن برائے خواتین، اور انسانی حقوق کی سرگرم علمبردار ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ لاہور میں 83 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ انہیں کل ان کے خاندانی قبرستان کیولری گراؤنڈ لاہور میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ ایک نامور ماہرِ تعلیم، مفکر اور حقوقِ انسانی کی علمبردار تھیں۔ انہوں نے تاریخ اور سماجی علوم کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں اور پاکستان میں کئی نسلوں کی رہنمائی کی۔ وہ وزیرِ اعظم کی مشیر برائے تعلیم و قومی ہم آہنگی بھی رہ چکی تھیں۔

اردو زبان و ادب پر گہری دسترس رکھنے والی ڈاکٹر عارفہ نے اپنی زندگی کے پچاس سے زائد سال تدریس کے شعبے کے لیے وقف کیے۔ وہ لاہور میں پیدا ہوئیں اور وہیں تعلیم حاصل کی — لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی سے آنرز کے ساتھ بی اے، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے اردو میں ایم اے، اور امریکہ کی یونیورسٹی آف ہوائی، مانووا سے ایشیائی مطالعات میں ایم اے اور تاریخ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔

ان کی گفتگو میں شائستگی، نرمی اور محبت کا رنگ نمایاں ہوتا تھا۔ وہ مختصر جملوں میں گہری بات کہنے کا فن رکھتی تھیں اور سننے والوں کے دلوں پر اثر چھوڑ جاتی تھیں۔

صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحومہ کا انتقال پاکستان کے علمی اور ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کر دی تھی۔ صدر زرداری نے کہا کہ ان کی علمی خدمات اور قومی زبان کے فروغ کے لیے کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدر نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی برادری سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔