تیانجن [چین], یکم ستمبر (اے این آئی): وزیر اعظم نریندر مودی نے تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے رکن ممالک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا نیا منتر اب "ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم" ہے۔ساتھ ہی انہوں نے دہشت گردی پر بھی تشویش ظاہر کی
وزیر اعظم مودی نے مزید تمام اراکین کو ہندوستان کے سفر کا حصہ بننے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سلامتی، امن اور استحکام کسی بھی ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، علیحدگی پسندی اور انتہا پسندی اس راستے میں بڑے چیلنجز ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا نے پہلگام میں دہشت گردی کا مکروہ چہرہ دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف ہندوستان کی روح پر بلکہ انسانیت پر یقین رکھنے والے ہر ملک کے لیے ایک چیلنج ہے۔
کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر مودی نے دہشت گردی کی حمایت کرنے والے ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا دہشت گردی کو کچھ ممالک کی حمایت ہمیں قبول ہوسکتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
مودی نے ان ممالک کا شکریہ ادا کیا جو پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کے ساتھ کھڑے تھے۔ دہشت گردی کی مالی معاونت کے خلاف ہندوستان کی مہم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’دہشت گردی ایک ملک کی سلامتی کے لیے ہی نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔ کوئی بھی ملک، کوئی معاشرہ، کوئی بھی شہری اس سے خود کو محفوظ نہیں سمجھ سکتا۔ اس لیے ہندوستان نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں اتحاد پر زور دیا ہے... ہندوستان نے القاعدہ اور اس سے منسلک دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مشترکہ آواز اٹھاتے ہوئے اپنی آواز بلند کی ہے۔ میں اس میں آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ آج ہندوستان ریفارم، پرفارم اور ٹرانسفارم کے منتر پر چلتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے... ہم نے ہر چیلنج کو موقع میں بدلنے کی کوشش کی ہے... میں آپ سب کو ہندوستان کے ترقیاتی سفر کا حصہ بننے کی دعوت دیتا ہوں۔وزیر اعظم مودی نے زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے لیے ہندوستان کا وژن تین ستونوں پر مبنی ہے: سلامتی، رابطہ اور مواقع۔ انہوں نے ممالک کی ترقی کے لیے سلامتی، امن اور استحکام کی اہمیت کو اجاگر کیا، افغانستان اور وسطی ایشیا کے لیے ہندوستان کی رابطہ کاری کی کوششوں کا ذکر کیا اور تجویز دی کہ ایک "سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم" قائم کیا جائے تاکہ رکن ممالک کی ثقافتی پہچان دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔
Sharing my remarks during the SCO Summit in Tianjin. https://t.co/nfrigReW8M
— Narendra Modi (@narendramodi) September 1, 2025
تیانجن میں ایس سی او کی ریاستی سربراہان کی کونسل کے 25ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، "ایس سی او کے ایک فعال اور پرعزم رکن کے طور پر ہندوستان نے تنظیم کے مقاصد کو آگے بڑھانے میں ہمیشہ تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ ایس سی او کے فریم ورک کے تحت ہندوستان کی شمولیت تین اہم ستونوں پر مبنی ہے: S- سیکیورٹی (سلامتی)، C- کنیکٹیوٹی (رابطہ)، اورO- اپرچونیٹی (مواقع)۔"
سیکورٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سلامتی، امن اور استحکام کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہیں۔ ان اہداف کے حصول میں اکثر بڑے چیلنجز، جیسے دہشت گردی اور علیحدگی پسندی رکاوٹ بنتے ہیں۔ دہشت گردی صرف انفرادی ریاستوں کی سلامتی کے لیے خطرہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک سنگین چیلنج ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ امن، سلامتی اور استحکام ترقی و خوشحالی کی کنجی ہیں، لہٰذا رکن ممالک کو دہشت گردی کے ہر روپ سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن اور ٹھوس اقدام اٹھانے چاہئیں۔ انہوں نے پاہلگام حملے کے بعد رکن ممالک کی یکجہتی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے میں دوہرے معیار کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے ترقی اور باہمی اعتماد سازی کے لیے رابطے(Connectivity) کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے چاہ بہار بندرگاہ اور انٹرنیشنل نارتھ-ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور جیسے منصوبوں کی بھارت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
مزید برآں، انہوں نے اسٹارٹ اپس، جدت، نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور مشترکہ ورثے کے شعبوں میں مواقع پر زور دیا، جنہیں ایس سی او کے دائرے میں آگے بڑھانا چاہیے۔ایک اہم تجویز میں وزیراعظم مودی نے گروپ کے اندر تہذیبی مکالمہ فورم کے قیام کا عندیہ دیا تاکہ عوامی سطح پر روابط اور ثقافتی تفہیم کو فروغ دیا جاسکے۔
بات دہشت گردی کی
انہوں نے پہلگام کے المناک دہشت گرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان گزشتہ چار دہائیوں سے دہشت گردی کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ حال ہی میں ہم نے پاہلگام میں دہشت گردی کا بھیانک رخ دیکھا۔ میں ان دوست ممالک کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس غم کی گھڑی میں ہمارا ساتھ دیا۔
اس سے قبل روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ ایس سی او کے اندر مکالمہ یوریشین سیکیورٹی کے ایک نئے نظام کی بنیاد رکھنے میں مدد کرتا ہے، جو پرانے یورو سینٹرک اور یورو-اٹلانٹک ماڈلز کی جگہ لے رہا ہے۔پوتن نے کہا کہ ایس سی او بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنی اثر انگیزی کو مسلسل بڑھا رہا ہے۔ رکن ممالک کے درمیان تجارت کے لیے قومی کرنسیوں کا زیادہ استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایس سی او کے اندر تعاون کی رفتار قابلِ تعریف ہے۔"
علاوہ ازیں، چینی صدر شی جن پنگ نے ایس سی او کے 25ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو انصاف اور برابری کو برقرار رکھنا چاہیے۔شی جن پنگ نے کہا، "ہمیں دوسری جنگِ عظیم پر درست تاریخی نقطہ نظر کو فروغ دینا چاہیے اور سرد جنگ کی ذہنیت، بلاک کی محاذ آرائی اور دھونس کی پالیسیوں کی مخالفت کرنی چاہیے۔ایس سی او سربراہی اجلاس 2025 کثیر قطبیت کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی لین دین پر مبنی جارحانہ پالیسی نے اس کے زیادہ تر اتحادیوں کو دور کر دیا ہے۔