نئی دہلی : کولکاتا نائٹ رائیڈرز (KKR) کے لیے کھیلنے والے نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر راچن رویندرا نے آئی پی ایل 2026 کے دوران ہی وطن واپس جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ راچن رویندرا نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ آئندہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کے ٹیسٹ دوروں سے قبل خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر تازہ دم رکھنے کے لیے کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کولکاتا نائٹ رائیڈرز کی انتظامیہ نے ان کے فیصلے کی مکمل حمایت کی۔ ٹیم کے سی ای او اور کوچ سے بات چیت کے بعد انہوں نے گھر واپس جانے کا فیصلہ کیا۔ رویندرا کے مطابق: “اگست تک مسلسل کرکٹ کھیلنے کے امکان کو دیکھتے ہوئے تھوڑا آرام کرنا ضروری تھا۔”
نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے آئرلینڈ کے خلاف ایک چار روزہ ٹیسٹ میچ کھیلے گی، جس کے بعد انگلینڈ کے دورے پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں حصہ لے گی۔ راچن رویندرا نے کہا کہ گھر پر چند دن گزارنا ان کے لیے نہایت پُرسکون تجربہ رہا اور اس سے انہیں آنے والے طویل دوروں کے لیے بہتر تیاری کا موقع ملے گا۔