غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2025
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج
غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج

 



لندن: غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی سطح پر غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے، اور دنیا کے مختلف ممالک میں ہزاروں افراد نے فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مظاہرے کیے۔ برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں فلسطینی عوام کے حق میں ایک بڑی ریلی نکالی گئی، جس میں مظاہرین نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔

ریلی کے دوران مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جس کے نتیجے میں پولیس نے ساڑھے چار سو سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا۔ ادھر فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم اور احتجاجی بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر اسرائیل کی نسل کُشی روکنے اور غزہ میں امن قائم کرنے کے مطالبات درج تھے۔

مظاہرے کے دوران "فلسطین زندہ باد" اور "اسرائیلی جارحیت نامنظور" جیسے نعرے گونجتے رہے۔ اسپین کے شہر بارسلونا میں ہونے والے ایک بڑے مارچ میں بھی ہزاروں افراد شریک ہوئے، جنہوں نے اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور فلسطین کی آزادی کی حمایت میں آواز بلند کی۔

اٹلی کے دارالحکومت روم میں مسلسل چوتھے روز بھی مظاہرہ کیا گیا، جہاں شہریوں نے غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالے تاکہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکی جا سکے۔ میکسیکو میں بھی احتجاج کا انوکھا انداز دیکھنے میں آیا، جہاں طلبہ نے اسرائیلی سفارت خانے کے باہر خاموش احتجاج کیا اور بینرز کے ذریعے اپنی آواز بلند کی۔

اسی طرح بھارت کی ریاست تامل ناڈو میں بھی عوام نے سڑکوں پر نکل کر اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرہ کیا اور فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ غزہ کی حمایت میں یمن، بنگلادیش اور یونان میں بھی احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جن میں مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ان مظاہروں میں شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ غزہ میں جاری بحران پر عالمی ضمیر کی بیداری کا یہ سلسلہ کئی ممالک میں شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، اور مظاہرین کی مشترکہ آواز یہی ہے کہ فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کو روکا جائے اور انہیں آزادی و خودمختاری دی جائے۔