امریکہ: یوم مزدور کے موقع پر کئی شہروں میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-09-2025
امریکہ: یوم مزدور کے موقع پر کئی شہروں میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے
امریکہ: یوم مزدور کے موقع پر کئی شہروں میں ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے

 



شکاگو/ آواز دی وائس
امریکہ کے کئی شہروں میں یومِ مزدور کے موقع پر لوگوں نے ملک کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور مزدوروں کو مناسب اجرت دینے کا مطالبہ کیا۔ شکاگو اور نیویارک میں ہونے والے مظاہروں کا انعقاد ’’ون فیئر ویج‘‘ نامی تنظیم نے کیا تھا۔ ان مظاہروں کا مقصد امریکہ میں مزدوروں کی مشکلات کی طرف توجہ دلانا تھا، جہاں وفاقی کم از کم اجرت 7.25 ڈالر فی گھنٹہ ہے۔
صدر ٹرمپ کے نیویارک واقع سابق رہائش گاہ کے باہر ’’ٹرمپ کو اب جانا چاہیے‘‘ کے نعرے لگے۔ وہیں، شکاگو میں ایک اور ’’ٹرمپ ٹاور‘‘ کے باہر مظاہرین نے ’’نیشنل گارڈ نہیں چاہیے‘‘ اور ’’اسے جیل میں ڈالو‘‘ کے نعرے لگائے۔ واشنگٹن ڈی سی اور سان فرانسسکو میں بھی بڑی تعداد میں لوگ سڑکوں پر اترے۔
نیویارک میں لوگ ’’ٹرمپ ٹاور‘‘ کے باہر جمع ہوئے جو برسوں سے صدر کی رہائش گاہ نہ ہونے کے باوجود ان کی دولت و طاقت کی علامت اور احتجاجات کا مرکز بنا ہوا ہے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مبینہ ’’فاشسٹ حکومت‘‘ کو ختم کرنے کا مطالبہ درج تھا۔
واشنگٹن میں بھی بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے۔ ان کے ہاتھوں میں ’’آئی سی ای (امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ) کا تجاوز بند کرو‘‘ لکھے پوسٹر اور ’’ڈی سی کو آزاد کرو، نقاب پوش غنڈے نہیں چاہیے‘‘ لکھا ایک چھاتا تھا۔ مغربی ساحل کے مختلف شہروں میں بھی سیکڑوں لوگ مہاجرین اور مزدوروں کے حقوق کی حمایت میں یکجا ہوئے۔
شکاگو میں کئی گروپ مل کر مظاہروں میں شامل ہوئے۔ انہوں نے تقاریر سنیں اور نعرے لگائے۔
الینوائے ریاست کے ایوانسٹن شہر کے میئر ڈینیل بَِس نے شکاگو میں جمع لوگوں سے کہا: ’’ہم یہاں اس لیے ہیں کیونکہ ہم پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ ہم یہاں اس لیے ہیں کیونکہ ہماری قدروں اور ہمارے جمہوریت پر حملہ کیا جا رہا ہے۔ ہم یہاں اس لیے ہیں کیونکہ وہ ہماری سڑکوں پر فوج بھیجنے کی دھمکی دے رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے مزدوروں کی حمایت میں کھڑے ہونے کی اپیل کی۔
شکاگو میں ایک موقع پر آئیووا نمبر پلیٹ والی گاڑی سے ایک خاتون باہر نکلی اور ’’ڈونالڈ ٹرمپ امر رہے‘‘ کے نعرے لگانے لگی، جس کے نتیجے میں مظاہرین اور خاتون کے درمیان جھڑپ ہوئی اور مظاہرین نے بھی مسلسل ٹرمپ مخالف نعرے لگائے، یہاں تک کہ خاتون چند منٹ بعد وہاں سے چلی گئی۔