سرکردہ جاپانی شخصیات سے وزیر اعظم کی بات چیت

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 20-05-2023
سرکردہ جاپانی شخصیات سے وزیر اعظم کی بات چیت
سرکردہ جاپانی شخصیات سے وزیر اعظم کی بات چیت

 

 ہیروشیما:  وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جی 7 سربراہ ملاقات کے لیے ہیروشیما کے اپنے دورے کے دوران سرکردہ جاپانی شخصیات، ڈاکٹر تومیو میزوکامی اور محترمہ ہیروکو تاکایاما سے ملاقات کی، جنہوں نے اپنے پیشوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے

اوساکا یونیورسٹی کے گریجویٹ اسکول آف فارن اسٹڈیز کے پروفیسر ایمریٹس، ڈاکٹر تومیو میزوکامی ایک مشہور مصنف اور ماہر لسانیات ہیں، اور ہندی و پنجابی زبانوں میں مہارت رکھتے ہیں۔انہیں جاپان میں بھارتی ادب اور ثقافت کے فروغ کے سلسلے میں ان کے تعاون کے لیے 2018 میں پدم شری ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ انہوں نے وسیع پیمانے پر ستائش حاصل کرنے والی کتاب ’’جوالا مکھی‘‘ پیش کی، جو 1980 کی دہائی سے جاپانی اسکالروں  کے ایک گروپ کی تحریروں کا ایک مجموعہ ہے جنہوں نے جاپان میں ہندی سیکھنے کی بنیاد رکھی تھی۔
ہیروشیما میں پیدا ہوئیں محترمہ ہیروکو تاکایاما ایک ویسٹرن اسٹائل پینٹر ہیں، جن  کی پینٹنگز پر دو دہائیوں پر محیط بھارت کے ساتھ ان کی عمیق وابستگی کا گہرا اثر نظر آتا ہے۔ انہوں نے بھارت میں متعدد ورکشاپس اور نمائشوں کا اہتمام کیا، اور وہ مختصر مدت کے لیے وشوبھارتی یونیورسٹی، شانتی نکیتن میں وزیٹنگ پروفیسر بھی رہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم کو اپنی اہم تخلیقات میں سے ایک، تیل سے تیار بھگوان بدھ کی پینٹنگ پیش کی، جو انہوں نے 2022 میں بنائی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس طرح کی بات چیت باہمی افہام و تفہیم، عزت و احترام  کو عمیق بنانے اور ہمارے ممالک کے درمیان روابط کو مضبوطی فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ انہوں نے ایسے باہمی تبادلوں کے مزید مواقع کے لیے امید ظاہر کی جو بھارت – جاپان خصوصی کلیدی اور عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے راہ ہموار کرتے ہیں۔