ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ ملک میں 20 اگست کو صدارتی انتخاب کرایا جائے گا۔ یہ اعلان صدر محمد شہاب الدین کے صحت کی خرابی کی وجہ سے اپنی پانچ سالہ مدت مکمل ہونے سے دو سال پہلے استعفیٰ دینے کے تقریباً دو ہفتے بعد کیا گیا ہے۔ 76 سالہ محمد شہاب الدین معزول سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے تھے، جنہیں پرتشدد طلبہ تحریک کے بعد اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے سینئر سکریٹری اختر احمد نے صحافیوں کو بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر اے ایم ایم ناصر الدین نے پارلیمنٹ کے قائم مقام اسپیکر قیصر کمال سے مشاورت کے بعد صدارتی انتخاب کی تاریخ مقرر کی ہے۔ بنگلہ دیش کے آئین کے مطابق صدر کا انتخاب پارلیمنٹ کے ارکان کرتے ہیں، تاہم انتخابی عمل الیکشن کمیشن کی نگرانی میں انجام پاتا ہے۔
اختر احمد کے مطابق ارکانِ پارلیمنٹ 20 اگست کو دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک جاتیہ سنگسد کے اجلاس ہال میں ووٹ ڈالیں گے۔ تاہم اگر کسی ایک امیدوار پر اتفاقِ رائے ہو گیا تو ووٹنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انتخابی شیڈول کے مطابق نامزدگی کے کاغذات 13 اگست کو صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک چیف الیکشن کمشنر کے دفتر میں جمع کرائے جا سکیں گے، جبکہ ان کی جانچ 16 اگست کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔
اختر احمد نے بتایا کہ امیدوار 18 اگست کو شام 4 بجے تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکتے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی بی ایس ایس کے مطابق، انتخابی پروگرام کا اعلان پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔ وہ آئین کے تحت 90 دن کے لیے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے آئین کے مطابق صدر کے عہدے پر نئی تقرری 90 دن کے اندر کرنا لازمی ہے۔
اختر احمد نے بتایا کہ صدارتی انتخاب کے لیے ووٹر لسٹ تیار کر لی گئی ہے اور باقی تمام انتظامی کارروائیاں انتخاب سے پہلے مکمل کر لی جائیں گی۔ 1971 کی جنگِ آزادی کے سابق مجاہد اور ماتحت عدالت کے سابق جج محمد شہاب الدین نے اپریل 2023 میں پانچ سالہ مدت کے لیے صدر کے عہدے کا حلف لیا تھا۔
انہوں نے صحت کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم ان کا استعفیٰ ایسے وقت میں آیا جب یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ وزیر اعظم طارق رحمان کی حکومت ان کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ مطمئن نہیں تھی۔ بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہاب الدین نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ سے فون پر رابطہ کیا تھا، جس سے حکمران بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قیادت میں بے چینی پیدا ہوئی۔
تاہم سابق صدر نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا۔ وزیر اعظم طارق رحمان کی بی این پی کو 350 رکنی پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت حاصل ہے، لیکن پارٹی نے اب تک صدارتی انتخاب کے لیے اپنے امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے۔