مسجد نبوی میں عوامی افطاری دسترخوان کی تیاری

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 14-01-2022
مسجد نبوی میں عوامی افطاری دسترخوان کی تیاری
مسجد نبوی میں عوامی افطاری دسترخوان کی تیاری

 

 

مدینہ: مسجد نبوی کی انتظامیہ نے امسال ماہ رمضان المبارک کے دوران افطار دسترخوان لگائے جانے کے امور کا جائزہ لیا۔ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے دسترخوان لگانے والوں کے لیے موجودہ کورونا کے حالات کے پیش نظراحتیاطی اقدامات کی سفارش کرتے ہوئے متعدد نکات پیش کیے ہیں۔

ایک سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی کی انتظامیہ نے رواں برس ماہ رمضان المبارک میں افطار دسترخوان لگانے کے لیے متعلقہ کمیٹی سے سفارشات طلب کی تھیں تاکہ ان کی روشنی میں امسال افطار دسترخوان لگائے جانے کے لیے ضوابط جاری کیے جائیں۔

مسجد نبوی کی انتظامیہ کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ’افطار دسترخوان کے حوالے سے متعلقہ کمیٹی کی جانب سے جاری ہونے والی سفارشات میں کہا گیا ہے کہ امسال 1443 ہجری کے رمضان المبارک میں مسجد نبوی شریف میں افطار دسترخوان لگانے کے خواہشمند لائسنس یافتہ کیٹرنگ سروسز فراہم کرنے والی کمپنیوں سے معاہدے کریں گے جو مقررہ معیار کے مطابق افطاری کا سامان مہیا کرنے کے پابند ہوں گی۔‘

کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلے کے اصول پر عمل کرتے ہوئے ایک صف (مسجد کی جائے نماز) پرصرف 5 افراد کے بیٹھنے کا انتظام کیا جائے۔

سماجی فاصلے کا لازمی اصول ختم ہونے کی صورت میں ایک صف پر 12 افراد کی گنجائش رکھی جائے۔ یہ اسی صورت میں ہوگا جب متعلقہ ادارے سماجی فاصلے کے اصول کو ختم کرنے کا اعلان کریں۔

متعلقہ کمیٹی کی جانب سے اپنی سفارشات میں مزید کہا گیا ہے کہ افطار دسترخوان پر روزہ دار ایک طرف ہی بیٹھیں گے یعنی صرف قبلہ رخ دوسری جانب کسی کو بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مسجد نبوی میں افطار دسترخوانوں کے لیے لائسنس حاصل کرنے کا آغاز آئندہ ماہ سے کیا جائے گا جس کی تاریخ کا اعلان انتظامیہ کی جانب سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کورونا وائرس کی وجہ سے مسجد نبوی میں گزشتہ دو برس سے روزہ داروں کے لیے عوامی افطاری دسترخوان لگانے پرپابندی تھی۔ خیال رہے کہ مدینہ منورہ میں مسجد نبوی شریف میں کورونا سے قبل ماہ رمضان المبارک میں ہر برس بڑے پیمانے پر افطار دسترخوان لگانے کی روایت برسوں سے قائم ہے۔

افطار دسترخوان لگانے کے لیے مملکت سے باہر سے بھی بڑی تعداد میں لوگ ماہ رمضان المبارک میں مدینہ منورہ آتے ہیں ان کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ مسجد نبوی شریف کے اندرونی صحنوں میں افطار دسترخوان لگانے کا اجازت نامہ حاصل کریں- (ایجنسی)