پوپ فرانسس تاریخی دورے پر عراق پہنچ گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 06-03-2021
پوپ بغداد میں
پوپ بغداد میں

 

 

بغداد۔ عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسِس 2012 میں انتخاب کے بعد پہلی بار عراق کے دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے۔الاِٹالیا کا جہاز پوپ فرانسس، ان کے وفد، سیکیورٹی عملے اور تقریباً 75 صحافیوں کو لے کربغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہنچا۔عراق میں 84 سالہ پوپ کی حفاظت کے لئے ہزاروں اضافی سیکیورٹی جوان تعینات کئے گئے ہیں، جہاں متعدد راکٹ اور خودکش حملوں کی حالیہ لہر نے ان کی حفاظت سے متعلق خدشات کو جنم دیا ہے۔انہوں نے جہاز میں سوار صحافیوں سے مختصر بات کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے ایک بار پھر دورے کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے'۔

نومبر 2019 کے بعد پوپ فرانسس کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک علامتی دورہ ہے اور میرا فرض ہے اس سرزمین کا دورہ کروں جہاں کئی سالوں سے لوگ شہید ہو رہے ہیں'۔پوپ فرانسس اپنے اس مختصر دورے میں جہاز، ہیلی کاپٹر اور ممکنہ طور پر بکتر بند گاڑی میں ان چار شہروں اور علاقوں کا دورہ کریں گے جہاں بیشتر غیر ملکی شخصیات پہنچنے سے قاصر رہتی ہیں۔ پوپ فرانسس، بغداد کے اس چرچ میں پادری سے ملیں گے جہاں 2010 میں داعش کے حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے 50 سے زائد افراد کو ہلاک کردیا تھا۔