نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے بات چیت کی جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی اعتماد اور ہمہ جہت شراکت داری کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔ اس دوران دفاع، ٹیکنالوجی، توانائی، تعلیم، خلائی سائنس اور علاقائی و عالمی مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
مودی نے اپنے سرکاری "ایکس" اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس بات چیت کی اطلاع دی اور بتایا کہ خصوصی طور پر روس-یوکرین جنگ پر بھی بات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے جنگ کے خاتمے اور امن قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم مودی نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ "صدر میکرون کے ساتھ بہت اچھی گفتگو ہوئی۔ ہم نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مثبت انداز میں اس کا تجزیہ کیا۔
یوکرین میں تنازع کے جلد خاتمے کی کوششوں سمیت بین الاقوامی اور علاقائی امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔ ہندوستان-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری دنیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم مودی اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان گزشتہ ماہ 21 تاریخ کو بھی ٹیلی فونک بات چیت ہوئی تھی۔
اس دوران یوکرین اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات کے پُرامن حل کے لیے جاری کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ساتھ ہی صدر میکرون نے واشنگٹن میں یورپ، امریکہ اور یوکرین کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقاتوں کے بارے میں بھی اپنے خیالات پیش کیے تھے۔ اس گفتگو میں تجارت، دفاع، سویلین نیوکلیئر تعاون، ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت دو طرفہ تعاون کے ایجنڈے میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا تھا۔
دونوں رہنماؤں نے ہندوستان-فرانس اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور سال 2026 کو باضابطہ طور پر "سالِ اختراع" (Year of Innovation) قرار دینے کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ ہندوستان اور فرانس دونوں ہی کثیر قطبی عالمی نظام کے حامی ہیں اور بین الاقوامی سطح پر مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی وکالت کرتے ہیں۔