نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو اپنی نیپالی ہم منصب سوشیلا کارکی سے بات کی اور ان کی امن و استحکام بحال کرنے کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پوسٹ میں مودی نے کہا کہ اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے کارکی کو ہمسایہ ملک میں حالیہ پرتشدد احتجاج کے دوران جانوں کے المناک نقصان پر دل کی گہرائیوں سے تعزیت پیش کی۔
مودی نے کہا: "نیپال کی عبوری حکومت کی وزیر اعظم محترمہ سوشیلا کارکی سے خوشگوار گفتگو ہوئی۔ حالیہ المناک جانی نقصان پر دلی تعزیت کی اور امن و استحکام بحال کرنے کی ان کی کوششوں کے لیے ہندوستان کی پختہ حمایت کا اعادہ کیا۔" انہوں نے مزید کہا: "میں نے ان سے اور نیپال کے عوام سے کل ان کے قومی دن کے موقع پر گرمجوشی سے مبارکباد بھی پیش کی۔"
گزشتہ ہفتے نیپال میں پرتشدد احتجاج کے نتیجے میں وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔ ’’جن زی گروپ‘‘ کی قیادت میں ہونے والی اس تحریک کے دوران مظاہرین نے سیاسی رہنماؤں کے گھروں، اہم سرکاری عمارتوں بشمول پارلیمان، تجارتی مراکز اور شاپنگ کمپلیکس کو نذر آتش کر دیا تھا۔ کارکی نے 12 ستمبر کو عبوری حکومت کی وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا۔