نئی دہلی/ آواز دی وائس
وزیراعظم نریندر مودی کا دوٹوک پیغام کہ ہندوستان امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیرف وار کے سامنے نہیں جھکے گا، ہندوستان اپنے کسانوں کے مفادات سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ٹرمپ کو براہِ راست یہ پیغام دہلی میں منعقد ایم ایس سوامیناتھن صد سالہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران دیا۔ یہ پیغام ٹرمپ کی جانب سے روسی تیل خریدنے پر ہندوستان پر اضافی 25 فیصد ٹیرف لگانے کے صرف 24 گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔
ٹرمپ کے اس "ٹیرف میزائل" (ہندوستان پر مجموعی طور پر 50 فیصد ٹیرف) کو ایک حکمت عملی کے طور پر دیکھا جا رہا تھا تاکہ ہندوستان سے من مرضی کا تجارتی معاہدہ کرایا جا سکے۔ لیکن اب وزیراعظم مودی نے بالکل واضح کر دیا ہے کہ ہندوستان کسی بھی قیمت پر نہیں جھکے گا۔
۔1. ہندوستان امریکہ کے سامنے نہیں جھکے گا
ڈونالڈ ٹرمپ تجارتی معاہدے کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان امریکی مفادات کے سامنے سرنڈر کر دے۔ لیکن وزیراعظم مودی کا پیغام واضح ہے کہ ہندوستان کسی بھی قیمت پر سرنڈر نہیں کرے گا۔
۔2. کسان ہندوستان کی بنیاد ہیں، ان کے مفادات سے کوئی سمجھوتہ نہیں
وزیراعظم مودی نے کہا کہ کسانوں کا مفاد ان کی سب سے بڑی ترجیح ہے۔ ان کے مطابق ہندوستان کبھی بھی اپنے کسانوں، ماہی گیروں اور مویشی پالنے والوں کے مفادات کے خلاف کوئی فیصلہ نہیں کرے گا۔
اصل میں امریکہ چاہتا ہے کہ ہندوستان اپنی منڈی کو امریکی زرعی اور ڈیری مصنوعات کے لیے مکمل طور پر کھول دے۔ لیکن ایک ایسی سرزمین جہاں کی 70 فیصد آبادی زراعت پر انحصار کرتی ہے، اور جہاں کے کسانوں کی زمینیں امریکی کسانوں کے مقابلے میں کافی چھوٹی ہیں، وہاں ایسا قدم اٹھانا اپنے کسانوں کو بے سہارا چھوڑنے کے مترادف ہوگا۔
وزیراعظم مودی نے بالکل صاف کر دیا ہے کہ حکومت ایسا کوئی قدم نہیں اٹھائے گی۔
کسان ہندوستان کی بنیاد ہیں، ان کے مفادات کی قیمت پر کسی سپر پاور کی دوستی قابلِ قبول نہیں۔
۔3. وزیراعظم مودی ذاتی سطح پر بھی اس فیصلے کی قیمت چکانے کو تیار ہیں
وزیراعظم نے پیغام دیا کہ ملک سب سے پہلے ہے اور ملک کا مفاد سب سے مقدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہے کہ مجھے ذاتی طور پر اس فیصلے کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، لیکن ہندوستان اس کے لیے تیار ہے۔
۔4. دوستی ہوگی تو برابری کی سطح پر ہوگی
وزیراعظم مودی نے یہ بھی اشارہ دیا کہ چاہے امریکہ اور ٹرمپ پاکستان کو گود میں بٹھا لیں، ہندوستان اپنے وقار سے سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ اگر دوستی ہوگی تو برابری کی بنیاد پر ہوگی، کوئی بڑا بھائی یا چھوٹا بھائی نہیں ہوگا۔ تعلقات میں احترام اور توازن ہوگا۔