تیانجن: وزیرِاعظم نریندر مودی ہفتے کو دو روزہ دورے پر چین کے شہر تیانجن پہنچے۔ یہ چین کا ان کا سات سال سے زائد وقفے کے بعد پہلا دورہ ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی کی وجہ سے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات میں اچانک تناؤ پیدا ہوگیا ہے۔
مودی بنیادی طور پر شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے ہیں، جو 31 اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہورہا ہے۔ تاہم، اتوار کو ان کی ملاقات چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کے طور پر بھی طے ہے۔
مودی اور شی جن پنگ کی یہ ملاقات اس لیے اہم مانی جارہی ہے کیونکہ ہندوستان اور چین ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی سے عالمی تجارت میں پیدا ہوئے تناؤ کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر غور کررہے ہیں۔ اس ملاقات میں ہندوستان-چین اقتصادی تعلقات کا جائزہ لینے اور مشرقی لداخ میں سرحدی تنازع کے بعد بڑھتی کشیدگی کو کم کرنے کے طریقوں پر بھی گفتگو کا امکان ہے۔
Prime Minister Narendra Modi arrives in Tianjin, China; receives a warm welcome
— ANI (@ANI) August 30, 2025
He will attend the SCO Summit here. pic.twitter.com/iJpCY6dejN
مودی اپنی دو ممالک کی یاترا کے دوسرے اور آخری مرحلے کے تحت جاپان سے تیانجن پہنچے۔ ایس سی او اجلاس کے دوران مودی کی روسی صدر ولادیمیر پوتن اور کئی دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ تیانجن کے سفر سے قبل مودی نے کہا تھا کہ عالمی معاشی نظام میں استحکام کے لیے ہندوستان اور چین کا مل کر کام کرنا ضروری ہے۔
جاپانی اخبار ’دی یومیئوری شمبون‘ کو جمعہ کے روز دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ ہندوستان اور چین کے درمیان مستحکم، پیش گوئی کے قابل اور دوستانہ تعلقات خطے اور دنیا میں امن و خوشحالی پر مثبت اثر ڈال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا: ’’عالمی معیشت میں موجودہ عدم استحکام کو دیکھتے ہوئے، ہندوستان اور چین جیسی دو بڑی معیشتوں کا مل کر کام کرنا ناگزیر ہے تاکہ عالمی اقتصادی نظام میں استحکام پیدا کیا جاسکے۔‘‘
مودی کا یہ چین دورہ چینی وزیرِ خارجہ وانگ یی کے ہندوستان دورے کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد ہورہا ہے۔ وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کے ساتھ وانگ کی تفصیلی گفتگو کے بعد ہندوستان اور چین نے دونوں ممالک کے درمیان ’’مستحکم، تعاون پر مبنی اور دوراندیش‘‘ تعلقات کے لیے کئی اقدامات کا اعلان کیا تھا۔ ان اقدامات میں متنازع سرحد پر مشترکہ طور پر امن قائم رکھنا، سرحدوں کو دوبارہ تجارت کے لیے کھولنا اور جلد از جلد براہِ راست پروازیں بحال کرنا شامل ہے۔