وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ہندوستان-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے کی اقتصادی صلاحیت کی ستائش کی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 29-04-2026
وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ہندوستان-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے کی اقتصادی صلاحیت کی ستائش کی
وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ہندوستان-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے کی اقتصادی صلاحیت کی ستائش کی

 



ویلنگٹن
انڈو-پیسفک اقتصادی تعلقات کے میدان میں ایک تاریخی پیش رفت کے طور پر، نیوزی لینڈ اور ہندوستان نے ایک تاریخی آزاد تجارتی معاہدہ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت نے اسے ایک تبدیلی لانے والا سنگِ میل قرار دیا ہے۔ جہاں ویلنگٹن اس معاہدے کو دنیا کی سب سے بڑی آبادی والے صارفین تک رسائی کا اہم دروازہ مانتا ہے، وہیں نئی دہلی نے اسے اپنی عالمی تجارتی سفارت کاری میں تیزی کا حصہ قرار دیا ہے، جس کے تحت مستقبل میں امریکہ اور یورپی یونین کے ساتھ بھی بڑے معاہدوں کی توقع ہے۔
بدھ کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کرسٹوفر لکسن نے ہندوستانی بازار کے وسیع حجم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، "آپ نے شاید سنا ہوگا کہ اس ہفتے کے آخر میں ہندوستان کے ساتھ ایف ٹی اے پر دستخط ہوئے ہیں، اور یہ نہایت خوش آئند خبر ہے کیونکہ یہ نیوزی لینڈ کے لیے ایک نسل میں ملنے والا موقع ہے۔ اس کی وجہ سادہ ہے کہ ہندوستان اب دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن چکا ہے۔"
آبادی کے بدلتے رجحانات پر بات کرتے ہوئے لکسن نے کہا کہ ہندوستان کی تقریباً ڈیڑھ ارب آبادی تیزی سے خوشحال ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ملک میں تقریباً ڈیڑھ ارب لوگ بستے ہیں اور وہ مسلسل ترقی کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں وہ نیوزی لینڈ جیسے ممالک سے اعلیٰ معیار کی مصنوعات اور خدمات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اور اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری بڑی معیشت بننے جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے زور دیا کہ یہ معاہدہ نیوزی لینڈ کو ہندوستان کی تیزی سے بڑھتی معیشت کے ساتھ جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا، "نیوزی لینڈ کے پاس ہندوستان کے ساتھ ترقی کرنے کا ایک بڑا موقع ہے، کیونکہ ہندوستان کم آمدنی سے درمیانی آمدنی والے طبقے کی طرف بڑھ رہا ہے، اور اس عمل میں وہ نیوزی لینڈ کی مصنوعات اور خدمات کی زیادہ طلب کرے گا۔"
تجارتی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے لکسن نے کہا کہ یہ معاہدہ تجارتی رکاوٹوں میں فوری کمی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہندوستان کو جو اشیا برآمد کرتے ہیں، ان میں سے تقریباً 95 فیصد کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ پہلے ہی دن سے 57 فیصد اشیا ٹیکس فری ہو جائیں گی، اور وقت کے ساتھ یہ تناسب مزید بڑھے گا۔ اس سے ہماری زیادہ تر مصنوعات اضافی لاگت سے بچ جائیں گی۔" ان کے مطابق ٹیرف میں کمی سے عالمی سطح پر نیوزی لینڈ کے برآمد کنندگان کے لیے مقابلہ آسان ہو جائے گا۔
نئی دہلی کی جانب سے اس مؤقف کی تائید کرتے ہوئے، وزیر تجارت و صنعت پیوش گوئل نے کہا کہ یہ ان کے دور میں ہونے والا ساتواں آزاد تجارتی معاہدہ ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری ٹڈ میک لے کے ساتھ پیر کے روز اس معاہدے پر دستخط کیے، جو اس سال کے آخر تک نافذ ہونے کی توقع ہے۔
ہندوستان کی تجارتی سفارت کاری کی رفتار پر روشنی ڈالتے ہوئے گوئل نے کہا کہ حکومت بڑے مغربی ممالک کے ساتھ مزید اہم معاہدے کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے کے ساتھ یہ ساتواں معاہدہ ہے جس پر میں نے گزشتہ ساڑھے تین برسوں میں دستخط کیے ہیں۔ آنے والے مہینوں میں یورپی یونین اور امریکہ کے ساتھ بھی دو بڑے معاہدے ہونے والے ہیں۔
وزیر کی ان باتوں سے حکومت کی سرگرمیوں میں تیزی کا اندازہ ہوتا ہے، جس نے متحدہ عرب امارات، آسٹریلیا، برطانیہ اور ای ایف ٹی اے کے ساتھ کامیاب تجارتی شراکت داری قائم کی ہے۔ یہ رفتار برقرار ہے، کیونکہ حال ہی میں ایک ہندوستانی وفد نے واشنگٹن کا دورہ کیا تاکہ امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تجارتی معاہدے کے ابتدائی مرحلے کو حتمی شکل دی جا سکے، جو 7 فروری کو طے پانے والے فریم ورک کے تحت مارکیٹ رسائی اور ڈیجیٹل تجارت پر مرکوز ہے۔