نئی دہلی/ آواز دی وائس
ایسا ملک جہاں خواتین کے لیے بغیر مرد کے سفر کرنا ممنوع ہو، باہر جا کر نوکری کرنا ممنوع ہو، پارک میں جانا ممنوع ہو، جِم جانا ممنوع ہو، یہاں تک کہ یونیورسٹی میں جانا بھی ممنوع ہو… اگر آپ کو کہا جائے کہ ایسے ملک میں خواتین کے درمیان بوٹوکس فلر جیسی کاسمیٹک سرجری کا خوب چلن ہے تو آپ شاید یقین نہ کریں۔ ہم بات کر رہے ہیں افغانستان کی جہاں گزشتہ چار برس سے طالبان کا قبضہ ہے۔ اگر آپ ان باتوں پر ہی حیران ہیں تو یہ بھی جان لیجیے کہ یہ طالبان کے لڑاکے بھی انہی کلینک پر جا کر کاسمیٹک سرجری کراتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق طالبان کے سخت مذہبی راج اور افغانستان میں رائج قدامت پسندی اور غربت کے باوجود، ملک میں دہائیوں کی جنگ ختم ہونے کے بعد کابل میں تقریباً 20 ایسے کلینک کھل چکے ہیں جو تیزی سے ترقی کر رہے ہیں۔ بیرونِ ملک سے ڈاکٹر آرہے ہیں، خاص طور پر ترکی سے۔ وہ افغانیوں کو ٹریننگ دینے کے لیے کابل کا سفر کرتے ہیں۔ یہ افغان شہری استنبول میں انٹرن شپ کرتے ہیں جبکہ سرجری کے لیے آلات ایشیا یا یورپ سے درآمد کیے جاتے ہیں۔
ان کلینک کے ویٹنگ روم میں جو گاہک آتے ہیں وہ زیادہ تر خوشحال گھروں سے ہوتے ہیں۔ ان میں کم بالوں والے مرد بھی شامل ہوتے ہیں لیکن زیادہ تعداد خواتین کی ہوتی ہے، جو کبھی کبھار بھاری میک اپ میں ہوتی ہیں اور ہمیشہ سر سے پاؤں تک ڈھکی ہوتی ہیں۔
دراصل طالبان حکومت کی پابندیوں کے تحت یہاں خواتین کی کام تک رسائی سخت متاثر ہوئی ہے۔ وہ اب مرد سرپرست کے بغیر طویل فاصلے کا سفر نہیں کر سکتیں، وہ گھر کے باہر اپنی آواز بلند نہیں کر سکتیں۔ انہیں یونیورسٹیوں، پارکوں اور جِموں میں جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
کلینک پر طالبان والے بھی آتے ہیں
افغانستان میں ایک طرف سرجیکل کاسمیٹک تیزی سے بڑھ رہا ہے تو دوسری طرف خواتین کے لیے ہیئر سیلون اور بیوٹی پارلر پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ حامدی نے 23 سال کی عمر میں پہلی بار چہرے کے نچلے حصے پر کام کرایا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر پارلر کھلے ہوتے تو ہماری جلد اس حال میں نہ ہوتی اور ہمیں سرجری کی ضرورت نہ پڑتی۔
طالبان حکام عموماً اسلامی قانون کی اپنی تشریح کے مطابق جسمانی خدوخال بدلنے سے منع کرتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے کاسمیٹک سرجری پر تبصرے کے لیے کئی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ اس شعبے کے لوگوں نے کہا کہ اس کی اجازت ہے کیونکہ اسے دوا سمجھا جاتا ہے۔ کلینک کے عملے نے اے ایف پی کو بتایا کہ حکومت ان کے کام میں مداخلت نہیں کرتی لیکن اخلاقی پولیس یہ ضرور دیکھتی ہے کہ مرد اور عورت کے درمیان واضح فاصلہ رکھا جائے: مرد مریض کے لیے مرد نرس اور عورت مریض کے لیے عورت نرس ہو۔
کچھ کلینک والوں نے دعویٰ کیا کہ طالبان کے ارکان بھی ان کے گاہک ہیں۔ چین میں بنے جدید آلات رکھنے کا دعویٰ کرنے والے نگین ایشیا کلینک کے ڈپٹی ڈائریکٹر ساجد جادران نے کہا کہ یہاں بال یا داڑھی نہ ہونا کمزوری کی علامت مانی جاتی ہے۔
یوروایشیا کلینک کے شریک ڈائریکٹر بلال خان نے کہا کہ طالبان نے مردوں کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی داڑھی کم از کم مٹھی کی لمبائی تک بڑھائیں، اس لیے ٹرانسپلانٹ فیشن میں آگیا ہے۔
ماہرِ امراضِ جلد عبدالنصیم صادقی نے اپنے چار منزلہ ولا کو کلینک میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہاں بھی وہی سرجریاں ہوتی ہیں جو بیرونِ ملک استعمال کی جاتی ہیں اور "کوئی خطرہ نہیں" ہے۔ ان کے کلینک میں بوٹوکس کے لیے 4000 سے 7500 ہندوستانی روپے اور ہیئر امپلانٹ کے لیے 2300 سے 45000 تک کا خرچ آتا ہے۔