پشاور:حکیم سردارستنام سنگھ کا قتل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 2 Years ago
حکیم سردارستنام سنگھ
حکیم سردارستنام سنگھ

 

 

پشاور:پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مظالم کی کہانی طویل ہوتی جارہی ہے۔مندروں پر حملے اور جبرا تبدیلی مذہب کے واقعات سرخیوں میں ہیں۔ اب پشاور سے ایک خراب خبر آئی ہے۔  پشاور میں چارسدہ روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے مشہور حکیم سردار ستنام سنگھ کو ان کی دکان میں قتل کر دیا گیا ہے۔ سردار ستنام سنگھ کو اپنی دکان میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے اور جائے وقوعہ سے گولیوں کے چار خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ 

پولیس کے مطابق ’یہ واقعہ آج (جمعرات) کی دوپہر پیش آیا ہے تاہم تاحال اس قتل کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے ہیں اور پولیس قانونی کارروائی کر رہی ہے۔’تمام تر شواہد کی ڈیجیٹل فرانزک اور لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دی گئی ہے اور تمام تر کارروائی کے بعد قتل کی وجوہات کا پتہ لگایا جا سکے گا۔

سردار ستنام سنگھ چارسدہ روڈ پر ’دھرمندر دواخانہ‘ کے نام سے دکان چلا رہے تھے اور پشاور کی سکھ برادر میں جانے پہچانی شخصیت تھے۔پشاور میں تقریباً 15 ہزار سکھ آبادی موجود ہے جو زیادہ تر پشاور کے محلہ جوگن شاہ میں رہتے ہیں۔سکھوں نے کبھی نہیں کہا کہ پنجاب کے درمیان لکیر کو ختم کیاجائے

 ان میں سے کچھ قبائلی ضلع خیبر سے ہجرت کر کے پشاور میں آباد ہوئے۔ پشاور کی سکھ برادری کے زیادہ تر لوگ کاروبار سے وابستہ ہیں جبکہ پشاور کے مختلف علاقوں میں سکھ برادری کے افراد دواخانے بھی چلا رہے ہیں۔اس سے پہلے بھی پشاور میں سکھ برادری کے افراد کو ایسے حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

پشاور کے سکیم چوک میں 2018 میں سکھ برادری کی معروف شخصیت چرنجیت سنگھ کو نامعلوم افراد نے قتل کیا تھا۔ اسی طرح 2020 میں ایک نیوز چینل سے وابستہ اینکر رویندر سنگھ کے بھائی کو پشاور میں قتل کر دیا گیا تھا تاہم بعد میں پولیس تفتیش یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ ایک ذاتی معاملہ تھا اور ان کو منگیتر کی ایما پر ایک شخص نے قتل کیا تھا۔ اسی طرح 2016 میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سورن سنگھ کو بھی قتل کیا گیا تھا لیکن پولیس تفتیش کے بعد معلوم ہوا تھا کہ ان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا تھا۔