ویکسین سرٹیفکٹ کے ساتھ عمرہ کی اجازت

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-08-2021
ویکسین سرٹیفکٹ کے ساتھ عمرہ کی اجازت
ویکسین سرٹیفکٹ کے ساتھ عمرہ کی اجازت

 

 

جدہ

عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث عائد پابندیوں کے بعد اب سعودی عرب نے بیرونِ ملک سے بتدریج ویکسینیٹڈ عمرہ عازمین کی درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی کے حوالے سے کہا گیا کہ مکہ اور مدینہ کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کو مدِ نظر رکھتے ہوئے بیرونِ ملک سے عازمین کو خوش آمدید کہیں گے، اس گنجائش کے ساتھ جو ہر ماہ 60 ہزار سے 20 لاکھ عازمین تک بڑھ جائے گی۔

وزارت حج و عمرہ کے ایک عہدیدار نے کہا کہ مقامی اور غیر ملکی عازمین کو عمرے کی درخواست کے ساتھ کووِڈ ویکسینیشن کا مصدقہ سرٹیفکیٹ منسلک کرنا ہوگا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب کی پابندی فہرست میں شامل ممالک سے ویکسینیٹڈ عازمین کو آمد کے بعد قرنطینہ کرنا ہوگا۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے غیر ملکیوں کو منظورہ شدہ چاروں میں سے کسی ایک ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

عمرہ اسلام میں ایسی عبادت ہے جو سال میں کسی بھی وقت ادا کی جاسکتی ہے، اسے گزشتہ برس اکتوبر میں مقامی افراد کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ قبل ازیں جولائی میں سعودی عرب نے ملک میں مقیم مکمل ویکسینیٹڈ 60 ہزار عازمین کو حج ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔

ستمبر 2019 سے مارچ 2020 کے دوران سعودی عرب نے 4 لاکھ ویزے جاری کیے لیکن عالمی وبا نے یہ رفتار ختم کردی اور سرحدیں بند کردی گئیں۔ کورونا وائرس کے باعث عمرہ اور حج کا فریضہ بھی بری طرح سے متاثر ہوا جس سے عام حالات میں سعودی عرب کو سالانہ تقریباً 12 ارب ڈالر کا ریونیو حاصل ہوتا ہے۔

فی الحال صرف سعودی عرب کے شہریوں اور مقیم افراد کو عمرے کی اجازت ہے جنہوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوالی ہوں۔ حکومت نے سیاحت کی بحالی، کھیلوں اور تفریحی ایونٹس کی میزبانی کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن مہم تیز کردی ہے، عالمی وبا کے باعث یہ تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں۔

عالمی امور و معاملات سے الگ تھلگ رہنے والی سلطنت نے 2019 میں پہلی مرتبہ سیاحت کے لیے ویزے جاری کیے تھے، جس کا مقصد دنیا میں اس کا بہترین تصور پیدا کرنا اور سیاحوں کو راغب کرنا تھا۔