گیند اب ایران کے پالے میں ہے: جے ڈی وینس

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 14-04-2026
گیند اب ایران کے پالے میں ہے: جے ڈی وینس
گیند اب ایران کے پالے میں ہے: جے ڈی وینس

 



واشنگٹن:  امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ واشنگٹن نے ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں جنگ کے خاتمے سے متعلق اپنی سرخ لکیریں واضح طور پر بیان کر دی ہیں اور اب فیصلہ تہران کے ہاتھ میں ہے کہ وہ آگے کیسے بڑھتا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکہ اپنی تجاویز اور شرائط سامنے رکھ چکا ہے اور اب ایران کو ان پر ردعمل دینا ہوگا۔ ان کے بقول امریکہ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ کن نکات پر کسی قسم کی نرمی اختیار نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے دو امور ایسے ہیں جن پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں ہے۔ پہلا ایران کے یورینیم پروگرام سے متعلق کنٹرول کا معاملہ ہے اور دوسرا ایسا مؤثر تصدیقی نظام قائم کرنا ہے جس سے یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ایران مستقبل میں جوہری ہتھیار تیار نہ کر سکے۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ اگرچہ ایران کی جانب سے یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ وہ ایٹمی ہتھیار بنانے کا ارادہ نہیں رکھتا، تاہم امریکہ کے لیے ضروری ہے کہ ایک مضبوط نظام موجود ہو جو اس دعوے کی تصدیق کر سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کو توقع ہے کہ حالیہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے تناظر میں ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بحال کرے گا، جسے اس کی فوج نے مؤثر طور پر محدود کر رکھا ہے۔

یاد رہے کہ حال ہی میں اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت جے ڈی وینس نے کی تھی جبکہ ایرانی وفد کی سربراہی محمد باقر قالیباف کر رہے تھے۔ تقریباً اکیس گھنٹے تک جاری رہنے والے یہ مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہو گئے تھے۔

مذاکرات کی ناکامی کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ جنگ بندی کو برقرار رکھیں اور تنازع کا حل سفارتی ذرائع سے تلاش کریں۔ ادھر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی کے بعد آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔