پیرس:سیاحوں پر حملہ، ایک شخص ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-12-2023
پیرس:سیاحوں پر حملہ، ایک شخص ہلاک
پیرس:سیاحوں پر حملہ، ایک شخص ہلاک

 

پیرس :  پیرس میں ایک شخص نے جرمن سیاح کو چاقو کے وار سے ہلاک اور دیگر دو افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ یہ بنیاد پرست شخص نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور اس کو پہلے بھی ایک کیس میں سزا ہوئی تھی۔ واقعہ آئفل ٹاور کے قریب سنیچر کو رات گئے پیش آیا۔ پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب فرانسیسی حکومت نے اسرائیل اور حماس جنگ کے باعث ملک میں حملوں سے متعلق خبردار کیا ہے۔

فرانسیسی وزیراعظم الزیبتھ بورن نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم دہشت گردوں کے سامنے ہار نہیں مانیں گے۔‘ انسداد دہشت گردی پراسیکیوٹرز نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔ پولیس ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’حکام حملہ آور کو ایک بنیاد پرست اسلام پسند کے طور پر جانتے ہیں اور اس کے نفسیاتی مسائل کا علاج کیا جا رہا تھا۔

ذرائع نے مزید کہا کہ گرفتاری سے قبل حملہ آور نے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ لگایا۔ پیرس کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا ہے کہ حملہ آور فرانسیسی ہے جو 1997 میں پیدا ہوا تھا اور اسے قتل اور اقدام قتل کی تحقیقات میں گرفتار کیا گیا تھا۔ وزیر داخلہ جیرلڈ ڈرمینن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ اس شخص کو پہلے ہی 2016 میں ایک حملے کی منصوبہ بندی کرنے پر ’چار سال قید‘ کی سزا سنائی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ’حملہ آور نے ایک جوڑے پر حملہ کیا جو غیرملکی سیاح تھے۔ ایک جرمن سیاح جو فلپائن میں پیدا ہوا تھا، وہ چاقو کے وار سے ہلاک ہو گیا۔