وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذات آج جمع، انتخاب پیر کو ہوگا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 10-04-2022
وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذات  جمع، انتخاب پیر کو ہوگا
وزارتِ عظمیٰ کے لیے کاغذات جمع، انتخاب پیر کو ہوگا

 

 

اسلام اباد: وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کا اجلاس پیر کی سہ پیر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر پینل آف چیئرمین کے رکن ایاز صادق نے کہا کہ ’وزیراعظم کے عہدے کے لیے کاغذات

نامزدگی آج اتوار کو دوپہر دو بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔‘ ایاز صادق کے مطابق ’آج سہ پہر تین بجے تک کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی ہوگی، جس کے اگلے روز پیر کو قائد ایوان کے انتخاب کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس سہ پہر دو بجے ہوگا۔‘

خیال رہے کہ متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو وزارتِ عظمٰی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے صدر اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارتِ عظمٰی کے امیدوار شہباز شریف نے عدم اعتماد کی قرارداد کی کامیابی کے بعد ایوان سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’کسی سے بدلہ لیں گے نہ کسی کے ساتھ کوئی زیادتی ہوگی اور نہ کسی کو بے جا جیلوں میں ڈالیں گے۔‘ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’ہم مل کر مشاورت سے ملک کو چلائیں گے۔‘ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ’ہم ماضی کی تلخیوں کو بھلاتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔‘ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ووٹنگ کا نتیجہ آنے کے بعد اپنے خطاب میں کہا کہ ’ویلکم ٹو پرانا پاکستان۔‘