پام بیچ ہوائی اڈے کا نام ٹرمپ کے نام پر

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 10-07-2026
پام بیچ ہوائی اڈے کا نام ٹرمپ کے نام پر
پام بیچ ہوائی اڈے کا نام ٹرمپ کے نام پر

 



نئی دہلی: امریکہ کی ریاست فلوریڈا کے جنوبی علاقے میں واقع پام بیچ بین الاقوامی ہوائی اڈے کا نام سرکاری طور پر تبدیل کرکے صدر ڈونالڈ جے ٹرمپ بین الاقوامی ہوائی اڈہ رکھ دیا گیا ہے۔ جمعرات سے ہوائی اڈے پر ’’پام بیچ بین الاقوامی ہوائی اڈہ‘‘ کے پرانے سائن بورڈ ہٹانے اور نئے نام کے بورڈ نصب کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

ہوائی اڈہ انتظامیہ نے فیس بک پر جاری ایک پوسٹ میں کہا کہ پورے ہوائی اڈے میں تبدیلی ایک ساتھ ممکن نہیں، اس لیے آئندہ چند ہفتوں تک مسافروں کو ٹرمینل پر پرانے اور نئے دونوں ناموں والے سائن بورڈ نظر آئیں گے۔ نام کی تبدیلی کے بعد سب سے پہلے "ٹرمپ فورس ون" نامی بوئنگ 757 طیارہ صبح تقریباً پانچ بجے اس ہوائی اڈے پر اترا۔

یہ طیارہ دی ٹرمپ آرگنائزیشن کی ملکیت ہے اور اس میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے صاحبزادے ایرک ٹرمپ بھی سوار تھے۔ ٹرمپ خاندان قریبی پام بیچ میں واقع ڈونالڈ ٹرمپ کی رہائش گاہ مار اے لاگو آنے جانے کے لیے باقاعدگی سے اسی ہوائی اڈے کا استعمال کرتا ہے۔ اسی سال ہوائی اڈے سے مار اے لاگو تک جانے والی ایک سڑک کا نام بھی ڈونالڈ جے ٹرمپ بولیوارڈ رکھا گیا تھا۔

ایرک ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ فلوریڈا اور امریکہ کے لیے ڈونالڈ ٹرمپ سے زیادہ خدمات کسی اور نے انجام نہیں دیں، اس لیے وہ اس اعزاز کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ تقریباً روزانہ اسی ہوائی اڈے سے سفر کرتے ہیں اور اب اپنے بورڈنگ پاس پر "DJT" دیکھ کر انہیں فخر محسوس ہوگا۔

اگرچہ ہوائی اڈے کا نیا نام جمعرات سے نافذ ہو گیا ہے، تاہم اس کا تین حرفی سرکاری ایئرپورٹ کوڈ "PBI" تبدیل کرکے "DJT" 18 اگست سے کیا جائے گا۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھی اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ہوائی اڈے کا نام تبدیل کیے جانے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اپنے لیے ’’بہت بڑا اعزاز‘‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دنیا کے بہترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہوگا۔