غزہ : 59 فلسطینی فضائی حملوں اور امداد کی تلاش میں ہلاک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 13-07-2025
غزہ : 59 فلسطینی فضائی حملوں اور امداد کی تلاش میں  ہلاک
غزہ : 59 فلسطینی فضائی حملوں اور امداد کی تلاش میں ہلاک

 



دیر البلح (غزہ)، 12 جولائی (اے پی(
جنوبی غزہ میں ہفتے کے روز ایک امدادی مرکز کی جانب جاتے ہوئے اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم 31 فلسطینی شہید ہو گئے، جبکہ فضائی حملوں میں بچوں سمیت مزید 28 افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ بات فلسطینی اسپتال کے حکام اور عینی شاہدین نے بتائی۔اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان دو روزہ بات چیت کے باوجود جنگ بندی کے کسی ممکنہ معاہدے کی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ہے۔ صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ختم کرنے کے قریب ہیں۔ہلاک شدگان میں وہ 31 فلسطینی بھی شامل ہیں جو جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں امریکی تنظیم غزہ ہیومنیٹیرین فاؤنڈیشن (GHF) کے امدادی مرکز کی جانب جا رہے تھے۔ اسپتال حکام اور عینی شاہدین کے مطابق انہیں راستے میں نشانہ بنایا گیا۔

ریڈ کراس کے مطابق، ان کے فیلڈ اسپتال نے ایک سال سے زائد عرصے میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی تعداد میں شہداء اور زخمیوں کو وصول کیا۔ زخمیوں میں 100 سے زیادہ افراد شامل تھے جن میں اکثریت کو گولیوں کے زخم آئے۔مرکزی غزہ کے شہر دیر البلح میں اسرائیلی فضائی حملوں سے 13 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 4 بچے بھی شامل تھے، جیسا کہ الشہداء اقصیٰ اسپتال نے بتایا۔ جنوبی شہر خان یونس میں 15 افراد ناصر اسپتال کے مطابق مارے گئے۔ اسرائیلی فوج نے اس حوالے سے کسی تبصرے سے انکار کیا۔شمالی غزہ کے علاقے بیت حانون میں ہفتے کی شام کو بھی شدید بمباری کا سلسلہ جاری رہا۔دوسری جانب اسرائیل میں بھی جنگ بندی کے لیے عوامی مظاہرے ہوئے۔ سابق اسرائیلی مغوی ایلی شرابی نے کہا: ’’تکبر نے ہی ہمیں تباہی کی طرف دھکیلا ہے۔‘‘

فاقہ زدہ آبادی کے لیے خوراک لینے گیا نوجوان موت کا شکار

21 ماہ سے جاری اس جنگ نے غزہ کے 20 لاکھ سے زائد افراد کو بین الاقوامی امداد پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جبکہ ماہرین قحط کی وارننگ دے چکے ہیں۔ اسرائیل نے مارچ میں جنگ بندی ختم کرنے کے بعد امداد کی ترسیل کو روک دیا تھا۔ریڈ کراس نے کہا: ’’تمام متاثرین خوراک لینے جا رہے تھے۔‘‘انہوں نے واقعے کو ’’ایک اور بڑے جانی المیے‘‘ کے طور پر بیان کیا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف مشتبہ حرکات پر ’’وارننگ شوٹس‘‘ فائر کیے اور کسی جانی نقصان سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ جبکہGHF نے دعویٰ کیا کہ ان کے مراکز کے آس پاس کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔تاہم زخمی عبداللہ الحداد نے بتایا کہ وہ شاکوش کے علاقے میں امداد مرکز سے 200 میٹر کے فاصلے پر تھے جب اسرائیلی ٹینک نے اچانک فائرنگ شروع کی۔انہوں نے ناصر اسپتال میں بتایا: ’’ہم ایک ساتھ تھے، اور انہوں نے ایک ساتھ ہمیں نشانہ بنایا۔ایک اور عینی شاہد محمد جمال الساہلو نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے خود انہیں امدادی مرکز کی جانب بڑھنے کا حکم دیا تھا جب گولیاں چلنے لگیں۔

سومیہ الشاعرکا 17 سالہ بیٹا ناصر شہید ہو گیا۔ وہ کہتی ہیں’’اس نے کہا: ماں، تمہارے پاس آٹا نہیں، میں تمہارے لیے لے آؤں گا، چاہے جان چلی جائے۔ مگر وہ واپس نہ لوٹا۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بیٹے کو اب تک امداد مراکز جانے سے روکا ہوا تھا کیونکہ یہ بہت خطرناک تھا۔عینی شاہدین، صحت کے حکام اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کے مطابق، درجنوں فلسطینی اس سے قبل بھی ایسے ہی امدادی مراکز جاتے ہوئے اسرائیلی فائرنگ کا نشانہ بن چکے ہیں۔ میڈیا کو ان علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں، جبکہ اسرائیلی فوج نے صرف "مشکوک حرکات" پر وارننگ شوٹس کا اعتراف کیا ہے۔

GHF نے اپنے مراکز پر کسی بھی تشدد سے انکار کیا ہے، تاہم ان کے دو کنٹریکٹرز نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ ان کے ساتھی فلسطینیوں پر فائرنگ اور سٹن گرنیڈ استعمال کرتے ہیں۔GHF نے ان الزامات کو مسترد کیا۔اقوام متحدہ اور دیگر امدادی ادارے اسرائیلی رکاوٹوں اور علاقے میں بدامنی کے باعث امدادی اشیاء کی ترسیل میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جن میں لوٹ مار کی شکایات بھی شامل ہیں۔

تقریباً 130 دن بعد پہلی بار 150,000 لیٹر ایندھناس ہفتے غزہ پہنچا، اقوام متحدہ کے امدادی اداروں نے ایک بیان میں بتایا۔ انہوں نے اسے ’’غزہ میں زندگی کے لیے ریڑھ کی ہڈی‘‘ قرار دیا، کیونکہ یہی ایندھن اسپتالوں، پانی کی فراہمی، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کا انحصار ہے۔

ویسٹ بینک میں فلسطینی-امریکی شہری اسرائیلی آبادکاروں کے ہاتھوں قتل

سیف الدین مسلطنامی فلسطینی-امریکی شہری اور ان کے دوست محمد الشلابی کو مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں نے قتل کر دیا، جیسا کہ فلسطینی وزارت صحت نے رپورٹ کیا ہے۔مسلط کی کزن دیانا حلوم نے بتایا کہ انہیں ان کے آبائی کھیتوں پر مارا گیا اور طبی عملے کو قریب بھی نہ آنے دیا گیا۔سیف الدین فلوریڈا میں پیدا ہوئے اور اپنے خاندان سے ملنے آئے تھے۔ان کے خاندان نے امریکی محکمہ خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور ذمہ دار آبادکاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ایک عینی شاہد نے، شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، بتایا’’آبادکار ہماری زمینوں پر اترے اور فائرنگ، ڈنڈوں اور پتھراؤ سے حملہ کر دیا۔‘‘

اسرائیلی فوج نے کہا کہ فلسطینیوں نے آبادکاروں پر پہلے پتھراؤ کیا تھا، جس سے دو افراد زخمی ہوئے اور جھڑپ بھڑک اٹھی۔فلسطینیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج اکثر آبادکاروں کے تشدد کو نظر انداز کرتی ہے۔ غزہ کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی چھاپے، فلسطینی حملے اور آبادکاروں کی کارروائیاں سب شدت اختیار کر چکی ہیں۔

جنگ کے اعداد و شمار
7
اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے میں 1,200 اسرائیلی ہلاک اور 251 کو یرغمال بنایا گیا۔
اس کے بعد سے اسرائیلی حملوں میں 57,800 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں نصف سے زیادہ خواتین اور بچے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت ان اعداد و شمار کی تصدیق کرتی ہے، اور اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی ادارے اسے سب سے معتبر ذریعہ مانتے ہیں۔