فلسطینی اتھارٹی نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-09-2025
فلسطینی اتھارٹی نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا
فلسطینی اتھارٹی نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا

 



دوحہ: فلسطینی اتھارٹی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اقدام فلسطینی سرزمین اور اداروں کے اتحاد کو یقینی بنائے گا۔ یہ تجویز صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے درمیان بات چیت کے بعد پیش کی گئی، جس میں غزہ میں جنگ ختم کرنے اور حماس کے قبضے میں موجود تمام یرغمالیوں کی 72 گھنٹوں کے اندر رہائی کی شق شامل ہے۔

تاہم حماس نے تاحال اس امن تجویز کو قبول نہیں کیا ہے۔ فلسطینی ریاست نے کہا، ’’فلسطین ریاست غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی پُرعزم کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے اور امن کی سمت راستہ تلاش کرنے کی ان کی صلاحیت پر اعتماد ظاہر کرتی ہے۔‘

‘ امن منصوبے میں یہ بھی دہرا یا گیا کہ امریکہ، خطے کے ممالک اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر غزہ میں جنگ ختم کرنے کے لیے ایک جامع معاہدے پر کام کیا جائے گا، تاکہ غزہ میں بھرپور انسانی امداد پہنچائی جا سکے۔

فلسطینی اتھارٹی نے یرغمالیوں کی رہائی، فلسطینی عوام کی سلامتی کے لیے نظام کی تشکیل، زمینی قبضے کو روکنے، فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے انسداد اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کرنے والی "یکطرفہ کارروائیوں" کو ختم کرنے پر بھی زور دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ امن منصوبہ غزہ پٹی، مغربی کنارہ اور مشرقی یروشلم سمیت فلسطینی سرزمین اور اداروں کے اتحاد کو یقینی بنائے گا، قبضے کا خاتمہ کرے گا اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ امن کی راہ ہموار کرے گا، جس میں آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست اسرائیل کے ساتھ ساتھ قائم ہوگی۔ یہ بیان نئی دہلی میں فلسطینی سفارتخانے کی جانب سے میڈیا کو جاری کیا گیا۔